لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے عوام تو پہلے ہی مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں،ق لیگ اور ایم کیوا یم کے ساتھ معاملات طے پاگئے ،ایک نوٹ تیار کرلیا گیا ہے ،جی ڈی اے اوربی این پی کے ساتھ اب کوئی ایشو نہیں، میڈیا کا تو کام یہ ہے کہ چیزوں کو بگڑی ہوئی دکھائے ، فروغ نسیم کو ایم کیوایم نے نہیں عمران خان نے خود وزیر بنایا ۔پروگرام ہارڈ ٹاک پاکستان میں میزبان ڈاکٹر معید پیرزادہ سے گفتگو میں انہوں نے کہا اتحادیوں کے تحفظات دورکرنے کیلئے وزیراعظم نے کمیٹی بنائی جوانہیں منانے کیلئے جارہی ہے ، ایم کیوایم کے ساتھ کراچی کیلئے ترقیاتی فنڈز کی بات ہوئی تھی، آئندہ مالی سال میں انہیں فنڈز دیئے جائیں گے ۔ہم نے ق لیگ کے ساتھ الیکشن سے پہلے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی تھی، جومعاہدہ ہوا تھا اس میں پر پوری طرح سے عمل نہیں ہوا ،معاہدہ یہ تھا جہاں سے ق لیگ والے جیتے ہیں ان میں بیوروکریٹس کو باہمی مشاورت کے ساتھ لگایا جائے گا، ان میں گجرات، چکوال، ملک وال، ڈسکہ اور بہاولپور ہیں،یہ کون کہہ سکتا ہے کہ وہ عملی طورپر وزیراعلی پنجاب بن گئے ہیں۔ بہت دکھ ہوتا ہے جب ہمارے سینئر ایک دوسرے کے خلاف بات کررہے ہوتے ہیں، یہ ہماری کمزوری ہے ،دونوں پی ٹی آئی کے وزیر ہیں ، ایسی بحث سے کس کو فائد ہ ہوا، اس کو عمران خا ن اور پارٹی کی سینئر قیادت نے شدید ناپسند کیا ہے ، فواد چودھری کو عثما ن بزدار پرتنقید نہیں کرنی چاہئے تھی، میڈیا پر چلنے والے پروپیگنڈے کو سناجارہاہے ،چودھری برادران کا ہمارے ساتھ چلنا ا ن کے اورہمارے مفاد میں ہے ، پنجاب اور وفاق میں معاملات ٹھیک ہیں اور انشااللہ2023تک ٹھیک رہیں گے ۔ ٹرانسپورٹرز کے معاملے میں گورنر سندھ، پنجاب اورمراد سعید نے مذاکرات کئے البتہ جرمانوں میں ایک دم اضافہ نہیں کرنا چاہئے تھا ،ان میں بتدریج اضافہ کیاجائے گا ،ایکسل لوڈ کے حوالے سے پالیسی بنارہے ہیں اگر اس کو ابھی نافذ کردیاجائے تو مزید مہنگائی ہوجائے گی ۔