لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عوام نے ہمیں 5سال کا مینڈیٹ دیا ہے ملک کو منفی سیاست نہیں استحکام کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا ایک برس میں بے پناہ محنت سے ملک درست سمت کی جانب گامزن کردیا ، عوام صرف ترقی و خوشحالی چاہتے ہیں لیکن کچھ عناصر نہیں چاہتے کہ پاکستان آگے بڑھے اورترقی کی راہ پر گامزن ہو،ملک کو اس وقت منفی سیاست کی نہیں ،بلکہ استحکام کی ضرورت ہے ،مثبت سوچ اورقومی مفادات کو مقدم رکھنے کی ذمہ داری ہم سب کی ہے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کبھی ذاتی مفادات کی سیاست نہیں کی،ہماری حکومت نے ہمیشہ ملک و قوم کے مفادات کو ترجیح دی ہے ،انہوں نے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت اما م حسینؓ کے چہلم اور حضرت داتا گنج بخشؒ کے عرس کے موقع پرفول پروف سکیورٹی انتظامات کویقینی بنایا جائے شرپسند عناصرپر کڑی نظر رکھی جائے ، موجودہ حالات میں کسی غفلت کے متحمل نہیں ہوسکتے ، مساجد، امام بارگاہوں اور دیگر اہم مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے ،قانون نافذ کرنے والے ادارے آپس میں قریبی رابطہ رکھیں اور سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے وضع کردہ پلان پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، وزیراعلیٰ نے کہا کہ منتخب نمائندے ،انتظامیہ اور پولیس افسران امن وامان کی صورتحال بہتر بنانے کیلئے بھر پور کردار ادا کریں،انہوں نے مدینہ منورہ کے قریب ٹریفک حادثے میں عمرہ زائرین کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ، وزیراعلیٰ نے جاں بحق عمرہ زائرین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔