شیخوپورہ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)تحریک انصاف کے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی میاں خالد محمود نے کہا ہے کہ شیخوپورہ شہر کے عوام نے جس بھاری اکثریت کیساتھ انہیں کامیاب کروایا ہے وہ عمران خان کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا مظہر اور ملک میں تبدیلی کے آغاز کی بنیاد ہے ، عمران خان کے ویژن کے مطابق شیخوپورہ شہر میں صاف ستھری عوامی خدمت کی سیاست کو فروغ دینے کیلئے دن رات کام کیا جائیگا کسی کیساتھ کوئی زیادتی ،ناانصافی ،غنڈہ گردی ،بدمعاشی برداشت نہیں کی جائیگی ،عوامی مسائل انکی دہلیز پر حل کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائینگے کرپشن اورکمیشن مافیا کی حوصلہ شکنی کیلئے بھی ٹیم ورک کیساتھ کام کیا جائیگا پی ٹی آئی کے کارکنوں کیساتھ ملکر شیخوپورہ شہر کو ماڈل اور آئیڈیل سٹی بنانے کیلئے ماسٹر پلان تیا ر کیا جائیگا ۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اپنی کامیابی کے بعد اپنی اقامت گاہ پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مرزا منور بیگ ، خا ن رئیس جبار خان ، امجد علی گادھی ،میاں تیمور خالد ،نوید احمد بٹ، چودھری منظور آصف ورک ، کونسلرز محمد ریاض ڈوگر، میاں محمد منیر ، رانا محمد سعید کے علاوہ محمد شعیب بھٹی راجہ حامد محمود، زاہد محمود ججا، ہنی چودھری سمیت دیگربھی موجودتھے ۔