اسلام آباد (نیٹ نیوز) سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ملک میں آٹے کے بحران پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام نے نئے پاکستان کے لیے ووٹ دیا تھا اب بھگتیں۔اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 70 روپے کلو آٹا بک رہا ہے ، حکومت اپنی ناکامی پر شرمندہ بھی نہیں، آٹا نہیں دے سکتے تو شرمندہ تو ہو جائیں، عوام نے پی ٹی آئی حکومت کو نئے پاکستان کے لیے ووٹ دیا تھا اب بھگتیں کیونکہ حکومت کا ہر دن پاکستان کی عوام پر بھاری ہوگا،پارٹی رہنماؤں سے ناراضی کے سوال پر شاہد خاقان نے جواب دیا کہ میری کسی سے کیا ناراضی ہو سکتی ہے ؟ اسمبلی میں کوئی بھی بات کریں، سپیکر صاحب اجلاس ختم کر دیتے ہیں، اپوزیشن نے معاملات اسمبلی میں اٹھانا ہوتے ہیں مگر بدقسمتی سے اسمبلی چل ہی نہیں رہی، اسمبلی میں اب تک صرف ایک بل بڑی عجلت سے پاس ہوا ہے ، الیکشن کمیشن کے ارکان کی تعیناتی پر بیٹھ کر بات کرنا اچھا ہے کیونکہ اس کے بغیر معاملات چل نہیں سکتے ۔