لاہور ،اسلام آباد،کراچی،چیچہ وطنی ( سٹاف رپورٹر ، خبر نگار خصو صی ،نمائندہ92 نیوز، این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ عوام بھوکے اور بے روزگار ہیں، حکمران سب اچھا ہے کی بے حسی کی رپورٹ دے رہے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ کی قلت کا سامنا ہے ،حکمرانوں کے روز کرپشن سکینڈلز آئیں گے تو عوام کی روٹی روزانہ مہنگی ہی ہوگی ۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ آزاد ہے نہ میڈیا آزاد ہے ،ہر طرف لوٹ مار جاری ہے ۔ ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاکہ معاشی بہتری صرف سوشل میڈیا پر آرہی ہے ، میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آئینی آزادیوں کے قتل کی تیاری ہے ۔ مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کا پہلے دن سے ایک ہی حدف ہے کہ ملک میں آئین کی حکمرانی ہونی چاہیے ۔ہمیں اس وقت پارلیمنٹ پر حملے پر عمران خان پر آرٹیکل چھ لگانا چاہیے تھا۔2013 میں آپ نے بین الاقوامی اور ملکی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ہماری حکومت گرانے کی کوشش کی، آپ لوگوں کو اپنے بھاشن سے دھوکہ نہیں دے سکتے ، آپ کی زبان پر سی پیک کا نام ہے اندر سے اس کی جڑیں کاٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا نقطہ یہ ہے ستر سال ضائع ہوگئے اگلے ستر سال ضائع نہیں ہونے دینے ، اسی میں فوج کا عدلیہ کا اور ملک کابھلا ہے ، حکومت اس تعفن کی طرح ہے جو جتنی دیر پڑا رہے گا بدبو مارے گا، اس کو جتنی جلدی دفنا دیا جائے بہتر ہے ، جب یہ کہتے ہیں معیشت کو چار چاند لگ رہے تو لوگوں کے زخموں پر نمک ڈالتے ہیں ،آزاد کشمیر کے الیکشن ملتوی نہیں ہونے دیں گے ، اس کا نقصان آزاد کشمیر کی عوام کا ہوگا۔سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت نے قرضوں کا حجم 52 فیصد بڑھایا ہے ، جون 2018 میں ملکی قرض 24952 ارب سے بڑھ کر 38005 ارب روپے ہوگیا ،پی ٹی آئی دور حکومت کی تین سال میں اوسط نمو 1.8 رہی۔ رانا ثناء اﷲ نے کہاہے کہ مہنگائی ، بے روز گاری اور لاقانونیت نے عوام کا کچومر نکال دیا ، حکمرانوں سے جلد چھٹکارے سے ہی ملک و قوم کا بھلا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ممبر قومی اسمبلی چوہدر ی زاہد اقبال سے ملاقات میں کیا۔