لاہور(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی طرف سے اب’’ ڈیجیٹل پاکستان ‘‘کا نعرہ آگیا، لگتاہے ’’نیا پاکستان‘‘ کادعویٰ ہوا میں تحلیل ہوگیاہے ، یوتھ کے نام پر یوتھ کو دھوکہ دیا گیا،ان ہائوس تبدیلی اور متبادل کیلئے ابھی تک سیاسی جماعتوں میں کوئی مشاورت نہیں ہوئی،قبل از وقت الیکشن بھی جمہوریت کا حصہ ہے ،ہم چاہتے ہیں کہ معاملات جمہوری طریقے سے آگے بڑھیں ،کرکٹ کے ماہر وزیر اعظم کے آنے سے لوگوں کو اطمینان تھا کہ اب کرکٹ میں بہتری آجائے گی مگر آسٹریلیا کے ہاتھوں وائٹ واش نے قوم کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، لوگ چاہتے ہیں کہ یہ نااہل حکومت بھی جلد از جلد وائٹ واش ہوجائے ،حکومت کو مشورہ دونگا کہ آرمی چیف کے عہدے کو تماشا نہ بنائیں،حکمران اپنے چہرے کے داغ دھونے کی بجائے شیشہ توڑنے پر اتر آتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی یوتھ شمالی پنجاب لیڈرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سراج الحق نے کہاعوام چاہتے ہیں کہ پرانا پاکستان ، تیل، بجلی، گیس اور سبزیوں کی پرانی قیمتیں ہی بحال ہوجائیں،موجودہ حکومت نے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ کرکے اب تک 20لاکھ نوجوانوں کو بے روز گار کردیا ہے ۔انہوں نے کہا پہلے لوگ فی تولہ سونے کی قیمتوں کی بات کرتے تھے اور اب فی کلو ٹماٹر کی بات کرتے ہیں ،حکومت کارخانے لگانے کی بجائے لنگر خانے کھول کر خوش ہورہی ہے مگر یہ ترقی کا راستہ نہیں۔انہوں نے کہا حکومت تو اپنے اعلان کے مطابق نوجوانوں میں انڈے اور چوزے بھی تقسیم نہیں کرسکی۔ انہوں نے کہا 22دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں لوگ اسلام آباد کشمیر مارچ میں شرکت کر کے مظلوم کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار اور حکمرانوں کو جگانے کی کوشش کریں گے ۔