لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)مسلم لیگ ن کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ عوام پریشان ہیں وہ بجلی اور گیس کے بل دیں یا آٹا خریدیں ،عمران حکومت لانے کا تجربہ ناکام ہوچکا، شہبازشریف تین سے چار ہفتے میں پاکستان آجائیں گے ۔92 نیوز کے پروگرام ہوکیارہا ہے میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا ہے کہ ہمارا عمران خان کو مشورہ ہے کہ وہ عوام پر رحم کھائیں ، انہیں ریلیف دیں، آٹے کی قیمت 35 سے 70روپے تک پہنچ گئی ہے چینی بھی 80روپے کلو کردی گئی ہے ۔ پابندی کے باوجود محکمہ خوراک کے اعلی افسروں کی ملی بھگت سے افغانستان کو گندم سمگل ہوئی ہے اس میں پنڈی ڈویژن کے افسران کے نام آئے ہیں۔عوام پریشان ہیں کہ وہ بجلی اور گیس کے بل دیں کہ آٹا خریدیں اب یہ ثابت ہوگیا ہے کہ عمران خان کی حکومت لانے کا تجربہ مکمل طورپر ناکام ہوچکاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہبازشریف اگلے تین سے چار ہفتے میں پاکستان آجائیں گے ۔ ہم فضل الرحمان سے مستقل رابطے میں ہیں وہ ہمارا حصہ ہیں۔تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا ہے کہ حکومت کو مائنس کرتے ہوئے ن لیگ خود مائنس ہوجاتی ہے ۔ پاکستان جیسے زرعی ملک میں گندم کا بحران شرمناک بات ہے لگتا ہے کہ اس کے پیچھے سیاست ہے ، پاکستان میں کوئی بھی کاروبار پھل پھول نہیں رہا ہے ہر طرف بحران ہے ۔عمران خان کو کارکردگی دکھاناپڑے گی۔ زرداری، نوازشریف اورمریم نواز بھی بالکل خاموش ہیں لیکن نوازشریف لندن میں بیٹھ کر اپنی پارٹی کے اہم فیصلے کررہے ہیں۔ملائشیا میں جمہوریت بڑی کنٹرول ہے ہمارے اور ملائشیا کے ماحول میں بہت فرق ہے اگر عمران خا ن سوچتے ہیں کہ پاکستان میں بھی ایسا ہو تو ناممکن ہے ۔