لاہور(شوبز ڈیسک) ملک بھرمیں بڑھتے ہوئے کرونا وائرس سے بچائو کیلئے ہمیں احتیاطی تدابیروں پر سختی سے کاربندرہناہوگا۔اس وقت ملک میں جو صورتحال بن چکی ہے اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہمیں اﷲ سے گڑگڑا کر اپنے گناہوں کی معافی مانگنے کیساتھ ساتھ اس موذی مرض سے نجات کی دعائیں بھی مانگنی ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار پاکستان کی نامور اداکارہ فرزانہ تھیہم نے قوم کے نام اپنے ایک پیغام میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کرونا وائرس بہت ساری زندگیوں کو نگل چکاہے پاکستان میں بھی اس نے اپنے پنجے گاڑے ہوئے ہیں اور ہر آنے والا دن اس کے مریضوں میں اضافہ کررہاہے اس لیے ہم سب کو اس وائرس سے بچنے کے لیے خود کو گھروں تک محدود رکھنا ہوگا۔فرزانہ تھیہم نے کہاکہ ہمیں حکومت کے وضع کیئے گئے قوائدوضوابط پر سختی سے کاربند رہنا ہوگا کیونکہ ان پر عمل پیراہوکر ہی ہم اس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔