جدہ(وقائع نگار،صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ برداشت نہیں کیا جائے گا، عوام کو کسی صورت مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا، ضلع کی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال انداز میں کام کریں۔سعودی عرب سے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے پرائس کنٹرول کو ہدایات جاری کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پرائس کنٹرول کے اقدامات پر عملدر آمد کے حوالے سے بہانے بازی نہیں چلے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ مصنوعی مہنگائی کے ذمہ داروں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے اور اشیائے ضروریہ کی مقرر کردہ نرخوں پر فروخت ہر صورت یقینی بنائی جائے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے بھکر میں طالبہ سے اجتماعی زیادتی کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کرلی ۔وزیراعلیٰ نے ملزموں کی جلد سے جلد گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم خواہ جتنے بھی بااثر کیوں نہ ہوں قانون کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔انہوں نے کہا کہ زیادتی کا شکار طالبہ کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ نے ڈی پی او بھکر کو متاثرہ خاندان کی رہائشگاہ جا کر دادرسی کی بھی ہدایت کی ۔انہوں نے ڈی آئی جی طیب حفیظ چیمہ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندان سے تعزیت کی۔