اسلام آباد؍سیالکوٹ (خصوصی نیوز رپورٹر؍ ڈسٹرکٹ رپورٹر)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمٰن کا جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں، انہیں ملک کی نہیں، ہر وقت حلوے کی فکر رہتی ہے ، دو خاندان اپنی سیاہ کاریوں کی وجہ سے جیلوں میں ہے ،نواز شریف کے خط کو ان کا بھائی ماننے کو تیار نہیں۔اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عوام کو گمراہ کرنے میں مصروف ٹولے کو ناکامی کا منہ دیکھنا ہوگا، مولانا کا اسلام سے تعلق ہے اور نہ ہی سیاست سے ، انہیں بس حلوے کی کشش کھینچتی ہے اور جدھر سے خوشبو آتی ہے ، وہ اس طرف منہ موڑ لیتے ہیں۔انہوں نے کہا مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران بے بنیاد پروپیگنڈا کر رہے ہیں،مولانا صاحب بدعنوان عناصر کی خاطرمذہب کا کارڈ استعمال کررہے ہیں۔انہوں نے کہا دو خاندان اپنی سیاہ کاریوں کی وجہ سے جیلوں میں ہے اور یہ قوم کے بچوں کو اپنی سیاسی ہوس کا ایندھن بنانا چاہتے ہیں۔ ڈھلم غازی میں سوئی گیس فراہمی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ملک میں مہنگائی کے ذمہ دار سابق حکمران بے بنیاد پروپیگنڈہ کر رہے ہیں، ان لوگوں نے اپنی عیاشیوں کے لئے ملک کو قرضوں میں ڈبویا۔فردوس عاشق نے کہا کہ چوروں اور لٹیروں کو وزیراعظم عمران خان ان کی اصل جگہ پر پہنچائیں گے ، ان میں سے کچھ تو پہنچ چکے ہیں ، باقی بھی اصل جگہ پر پہنچ جائیں گے ، وزیراعظم عمران خان ان سے لوٹا ہوا پیسہ واپس کرائیں گے اور قوم کی ترقی پر خرچ کریں گے ۔ علاوہ ازیں فردوس عاشق اعوان نے ایک ٹویٹ میں کہاہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ ایران خلیجی خطے میں امن و سلامتی کا پیش خیمہ ثابت ہوگا،عمران خان دنیا بھر میں نئے ،پرعزم، بااعتماد،باوقار اور روشن پاکستان کا چہرہ متعارف کرا رہے ہیں۔