لندن،لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں، سٹاف رپورٹر) صدرمسلم لیگ(ن) شہبازشریف نے آٹے کی قیمت میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے گندم اور آٹے کا بحران جاری ہے اور وزیراعظم، وزیر خوراک اور تمام ذمہ داران غائب ہیں، عوام کوسرعام لوٹاجارہاہے ،وفاقی و صوبائی حکومتوں کی آنکھیں بندہیں،عمران نیازی صاحب بغیر لاؤ لشکر بطورعام آدمی بازارجائیں تاکہ آٹے دال کابھائومعلوم ہو۔ آٹے کی قیمت میں اضافے سے متعلق حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں،بتایاجائے گندم اور آٹے کے بحران سے کون فائدہ اٹھارہا ہے ؟، گندم کا سٹاک کہاں گیا؟، سمگل ہوگیا؟، ذمہ دار کون ہے ؟۔ملک بھر میں آٹے کی قیمت میں اضافہ پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہان لیگ کے دورمیں فصلوں کی ریکارڈپیداوارہوئی اورگندم کاسٹاک موجودتھا،میڈیا پرگندم،آٹے ،روٹی کے ستائے عوام کی دہائی ہے ،وزیراعظم نے شاید اب تک ٹی وی آن نہیں کیا؟۔وفاقی اور صوبائی سطح پر حکومتی غفلت، لاپرواہی اور بدانتظامی کی سزا غریب عوام کو مل رہی ہے ۔ گندم کی قلت کا ذمہ دار کون ہے ، اس کا تعین کیاگیا؟، گندم کی فراہمی میں کوئی گڑبڑتھی تو اس کا اب تک نوٹس کیوں نہیں لیاگیا،اگر مسئلہ گندم کی فراہمی کا ہے تو فوری گندم فراہم کرکے مسئلے کو حل کیوں نہیں کیاگیا؟،عمران نیازی صاحب ٹویٹس کرنے کے بجائے گندم اور آٹے پر فوری اجلاس بلاتے ، بتائیں ذمہ داروں کے خلاف کیا کارروائی کی؟۔بجلی، گیس، گندم، ترقیاتی کاموں سمیت ہر شعبے کی تنزلی اور قوم کی مشکلات دیکھ کر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔ایک بیان میں مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہاعمران خان کے نئے پاکستان میں آٹا ختم، تندوربند،عوام لنگر سے روٹی کھائیں ؟۔ 16 ماہ میں گیس 250 فیصد مہنگی ہوگئی، آٹے کا بحران حکومت کی بدترین نالائقی ہے ، عمران صاحب 16 ماہ پہلے اگر ایک خودکشی ہو جاتی تو کروڑوں عوام خود کشی کرنے سے بچ جاتے ۔ مکان، دکان، کاروبار اور مزدوری تباہ کرنے کے بعد اب غریبوں کا آٹا بھی بند کر دیا ۔عمران صاحب مہنگائی 14 فیصد، ترقی آدھی اور آپ روز کون سے ملک کے غریبوں کو ریلیف دینے کی بات کرتے ہیں۔مسلم لیگ (ن) پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا حکومتی اتحادی بھی پنجاب میں زیادہ کرپشن پرپھٹ پڑے ہیں،فواد چوہدری نے سولہ ماہ بعد مسلم لیگ (ن) کے موقف کی تائید کی ہے ،عثمان بزدار جعلی رپورٹس جاری کرکے شہبازشریف کا مقابلہ نہیں کرسکتے ، پنجاب میں آٹے کے بحران نے بزدار حکومت کی نا اہلی کا پول کھول دیا،حکومت نے پیسے بچانے کے چکر میں گزشتہ سال گندم نہیں خریدی،وزیراعظم ہائوس یونیورسٹی تو بن نہیں سکا لیکن اس کا سالانہ خرچہ ایک ارب سے تجاوز کرچکا ،کفایت شعاری کی جعلی رپورٹیں جاری کرکے عثمان بزدار وسیم اکرم پلس نہیں بن سکتے ۔