لاہور (سٹاف رپورٹر،92 نیوزرپورٹ،صباح نیوز)صدرن لیگ شہباز شریف نے کہا ہے عوام کے شانہ بشانہ کورونا کی وبا سے لڑیں گے ، عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،عوام سے اپیل کرتا ہوں احتیاط کریں، یہ قوم کی زندگی اور موت کا معاملہ ہے ۔عوام میں حفاظتی کٹس تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہم نے ہر ممکن حد تک عوام کو کورونا سے بچانے کا سامان مہیا کرنا ہے ، عوام کی اصل مدد یہ بھی ہے کہ وہ کوروناسے بچاؤ کیلئے احتیاط کریں، ایک لاکھ کٹس عوام میں تقسیم کی جائیں گی،اس کٹ میں ماسک، سینیٹائزراور صابن ہے ،کٹ میں عوام کیلئے ہدایت نامہ بھی ہے ،اس کٹ کا مقصد قوم کو کورونا کیخلاف جنگ کے لئے تیار کرنا ہے ،یہ کٹس ہم ہر صوبے اور ہر شہر کو بھجوانے کا سلسلہ شروع کررہے ہیں۔شہباز شریف نے کہا انسانوں کی خدمت کرنے سے اللہ خوش ہوتا ہے ، یہ موقع ہے کہ ہم انسانوں کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں اوراللہ کوراضی کرلیں، اﷲ تعالیٰ، انشاء اﷲ ہمارے شامل حال ہوگا اورہم سب کو اپنی پناہ میں رکھے گا،دیہاڑی دار مزدور اور کمزور طبقات بہت برے حالات میں ہیں، معاشی حالات سے تنگ افراد کی خودکشیوں کی اطلاعات باعث تشویش ہیں۔شہبازشریف نے ڈاکٹروں،نرسزاورطبی عملے کیلئے مزیدحفاظتی کٹس فراہم کرنے کااعلان کرتے ہوئے کہااس وقت ڈاکٹرز،نرسزاورطبی عملے کی زندگی قوم کی زندگی ہے ۔انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) دراصل عوام کی خدمت، ملک کی ترقی اور خوشحالی کا دوسرا نام ہے ، جب بھی ذمہ داری ملی اﷲ تعالی کے فضل وکرم سے ہر شعبے کو ترقی دی۔تعلیم، صحت، صنعت، کاروبار، روزگار،آمدو رفت میں آسانی کے لئے دن رات کام کیا، عوامی خدمت کا یہ سفر جاری رہے گا۔