لاہور(نمائندہ خصوصی سے) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ مہنگائی کے مارے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ، حکومت کے ہر فیصلے سے ثابت ہو رہاہے کہ ہر سطح پر دو دو پاکستان ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ وزیراعظم آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے مافیا کو جانتے ہیں تو پھر اسے پکڑتے کیوں نہیں ۔ کیا طاقتور مافیا کو اسی طرح غریبوں کا خون چوسنے کی کھلی چھوٹ ملی رہے گی ۔ حکومت نے مہنگائی کے مارے عوام کو مافیاز کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس مافیا کا تعلق اگر حکومت اور حکومتی پارٹی سے نہ ہوتا تو شاید اب تک کئی گرفتار یاں ہوچکی ہوتیں۔ کمزور کو پکڑنے کے لیے حکومت شیر ہو جاتی ہے اور طاقتور مجرموں کے سامنے بھیگی بلی بن جاتی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ قوم بلدیہ فیکٹری کے 260 مزدوروں کے قاتلوں کا عبرتناک انجام دیکھنا چاہتی ہے ۔ سندھ ہائیکورٹ کا اس مقدمہ کے حقائق تک عوام کو رسائی دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ امید ہے کہ سندھ ہائیکورٹ بارہ مئی ، دس محرم اور بارہ ربیع الاو ل کے سانحات کی تفصیلات بھی عوام کے سامنے لائے گی ۔دریں اثنا سینیٹر سرا ج الحق نے گزشتہ روز کالم نگار و سینئر صحافی ڈاکٹر محمد اجمل خان نیازی کی ان کے گھر جاکر عیادت اور ان کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف بھی ہمراہ تھے ۔