کراچی(نیٹ نیوز) معروف اداکار نوید رضا میں گزشتہ ماہ کے آخر میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور وہ تب سے قرنطینہ میں ہیں۔نوید رضا میں اس وقت کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جب انہوں نے دیگر اداکاروں کے ساتھ ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی تھی ، اب انہوں نے ٹوئٹر پر سلسلہ وار ٹوئٹس میں عوام کو کورونا کی وبا کے حوالے سے اہم پیغام دیتے ہوئے ان سے احتیاط کرنے کی اپیل کی۔اداکار نے اپنے ایک ٹویٹ میں ہر کسی کو مشورہ دیا کہ وہ گھر میں رہیں اور خود کو ذاتی طور پر ٹیسٹ کرائیں،اداکار نے بتایا کہ کورونا میں مبتلا شخص میں ہر روز نئی علامات ظاہر ہوتی ہیں اور وہ ہر روز اسی ڈر میں مبتلا رہتا ہے کہ وہ اپنے پیاروں سے بچھڑ جائے گا۔ساتھ ہی انہوں نے کورونا کو اب تک دنیا کا بدترین وائرس بھی قرار دیا اور لکھا کہ یہ مذاق نہیں ہے ، کوئی اس وبا کا شکار نہ ہو تو اچھا ہے ، اگر آپ کو اپنے خاندان یا قریبی افراد سے صرف 2 فیصد بھی محبت ہے تو آپ یہ نہ کہیں کہ کورونا موجود نہیں، لوگوں کو اندازہ نہیں کہ اس وبا میں مبتلا ہونے والا شخص کن مشکلات کا سامنا کرتا ہے ۔