لاہور(کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس آف پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز نے کہا ہے کہ عوام کے جان ومال اور عزت آبرو کے تحفظ کو یقینی بنانا پنجاب پولیس کے ہر سپاہی کی اولین ذمہ داری ہے اورمیں واضح کرنا چاہتاہوں کہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی سستی ، غفلت اور لا پرواہی ہرگزبرداشت نہیں کی جائے گی ، انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن ، بد عنوانی ، اختیارات سے تجاوز، شہریوں سے بد تمیزی اور بدسلوکی کے مرتکب افسران و اہلکاروں کے خلاف زیرو ٹالریننس کے تحت اقدامات کو یقینی بنایا جائے کیونکہ ایسے افسر و اہلکار کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔ آئی جی پنجاب نے مزید کہا کہ پولیس کو عوام دوست بنانے اور پولیس کے امیج کی بہتری کیلئے کوشاں ہوں اورہم ان وجوہات کا جائزہ لے رہے ہیں جن کی بدولت پولیس کا امیج عوام میں خراب ہوتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز راولپنڈی پولیس لائنز میں افسران واہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔