لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع میں بنجر زمین کو سیراب کرنے کے گیم چینجر پراجیکٹ گریٹر تھل کینال کوشروع کرنے کا حکم دیدیا۔ گریٹر تھل کینال اورآبپاشی امور سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب میں کینال سسٹم کی بحالی پر کام تیز کیا جائے ۔آبپاشی کے نظام کو بہتر بنا کر زرعی پیداوار میں اضافہ ممکن ہوگا۔گریٹر تھل کینال کیلئے اراضی کے حصول کی قانونی کارروائی ترجیحاً مکمل کی جائے ۔اراضی کے حصول کیلئے متعلقہ کمشنرفوری طورپر سروے مکمل کرائیں۔ گریٹر تھل کینال لیہ،بھکر،جھنگ،مظفر گڑھ اورخوشاب کے اضلاع میں خوشحالی لائے گی۔لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اورقومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔گریٹر تھل کینال کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک 150ملین ڈالر مالی معاونت فراہم کرے گا۔گریٹر تھل کینال کی تعمیر کیلئے مالی امور کی حتمی منظوری پنجاب کابینہ دے گی۔ادھر وزیراعلیٰ نے لاہور کے شمال میں دبئی کی طرز پر جدید ترین شہر بسانے کیلئے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت اتھارٹی کے قیام کیلئے آرڈیننس جاری کرے گی اوروزیراعلیٰ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے ،نیا شہر دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا جو ایک لاکھ ایکڑ سے زائدرقبے پر محیط ہوگا۔نجی شعبے کی طرف سے اس منصوبے میں پانچ ہزار ارب ر وپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔نئے شہر میں ہائی رائز بلڈنگز بنائی جائیں گی۔نیا شہر بسنے سے لاہور شہر میں ماحولیات،پانی اورٹریفک کے مسائل پر قابو پایہ جاسکے گا۔ نئے شہر میں ایک بڑی جھیل بھی بنائی جائیگی اورتین بیراج بھی بنیں گے ۔ دریں اثنا عثمان بزدارکی ہدایت پر کیبنٹ کمیٹی برائے کورونا اینڈ ڈینگی کنٹرول کا خصوصی اجلاس ہوا،جس میں عید الاضحیٰ کے ایام میں سمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز پر غورکیاگیا۔اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ عیدالاضحیٰ پر پارک اورتفریحی مقامات پر بند رہیں گے ۔سکولوں کے ایڈمن آفس کھولنے اورانتظامی عملے کو آنے کی اجازت دی جارہی ہے تاہم طلبہ اوراساتذہ کوسکولوں میں آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔اجلاس میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن نے بتایا کہ وفاقی حکومت کے فیصلے کے مطابق سکول کھولنے سے پہلے محکمہ سکول ایجوکیشن ایس او پیز پر مکمل گائیڈ لائن جاری کرے گا۔ آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں عثمان بزدار نے کہا کہ بڑھتی آبادی کیساتھ تیزی سے بڑھتے مسائل کرہ ارض پر انسانی بقا کیلئے خطرہ ہیں۔ بہبود آبادی اہم ذمہ داری ہے ۔قدرتی وسائل کے تحفظ کیلئے انسانی آبادی کے سونامی کو روکنا ہوگا۔