مکرمی !ماہ ربیع الاول کی آمد ہے رسالت مآب رسولؐ کی ولادت کے جشن سیرت النبی کانفرنسیں ،محفل نعت کی محافل ،جلسے جلوس نکال کر عاشقان رسولؐ اپنی طرف سے اظہار عقیدت پیش کرتے ہیں۔ میلاد النبی کے اس مہینے میں تقاریر محافل مجالس میں ادب تعظیم عشق رسولؐ کی تبلیغ کے ساتھ لوگوں کو رسول اللہؐ کے نام کے ساتھ ،،رسالت مآب ،،بولنے کی تلقین کی جاے۔ تاکہ عشق رسول اور تعظیم رسولؐ میں مزید خوبصورتی پیدا ہو۔ محمدؐ سے محبت جان مال اولاد سے بڑھ کر ہونا کامل ایمان کی نشانی ہے ۔ رسالت مآب حضرت ؐ ایسی ہستی ہیں جن پر اللہ ،اسکے فرشتے اور اہل ایمان ہر وقت درود و سلام بھیج رہے ہوتے ہیں۔رحمتہ اللعلمین انبیاء کے سردار رسالت کے تاجدار حضرت محمدؐ کاعشق ادب و احترام رب کائنات کی رضا و منشاء ہے۔ کسی بڑی شخصیت کی قدر عزت شان و شوکت میں ہم ،،عزت مآب ،، بولتے ہیں جیسے سربراہ مملکت ، ہم منصب وزراء ، اہم عہدوں پر براجمان آفیسرز کی شان و شوکت احترام میں ،عزت مآب ، بولنا انکی تکریم ہے ۔رحمتہ اللعلمین انبیا کے سردارپیغمبر اسلام حضور ؐکی تعظیم ادب شان و شوکت سب سے بڑھ کر ہے اس لئے حضور ؐ کی شان تعظیم و ادب میں ،، رسالت مآب ،، بولنا ایمانی جذبے میں خوبصورتی لانے والی بات ہے ۔ تعظیم عشق و محبت کے خوشبو بھرے پیارے پھول نچھاور کرنے کے لئے میں تنظیم المدارس ,وفاق المدارس وفاق المدارس العربیہ ، وفاق المدارس الشیعہ ، وفاق المدارس السلفیہ کے دینی نصاب محکمہ تعلیم یونیورسٹیوں ،کالجوں ، اور سکولوں کے نصاب کی کتب میں اسم مبارک حضرت محمدؐ کے ساتھ ،،رسالت مآب ،، لکھ کر عشق رسولؐ کی طرف رغبت دلائی جاے۔ شاعر حضرات تاجدار رسالت کی شان میں ،،رسالت مآب ،، لکھ کر نعتیہ کلاموں کو خوبصورتی کا شرف بخشیں۔ نعت خواں حضرات اور محفلوں کے سٹیج سیکرٹری محافل میں شان رسالت بیان کرتے ہوے ،،رسالت مآب حضرت محمدؐ بول کر اپنی عقیدت کا اظہار کریں پبلشرز حضرات سے بھی استدعا ہے کہ حضرت محمد ؐ سے عشق و محبت کا ذوق نکھارنے کے لئے کتب و رسائل شائع کرتے وقت نام مبارک حضرت محمد ؐ کے ساتھ ،رسالت مآب درج کیاکریں ۔ عاشقان رسولؐ کے اس ملک میں اللہ ہم کو رسالت مآب حضور رسول اکرمؐ کے اسوہ حسنہ اور تعلیمات پر عمل کرنے کی توفیق عطا کرے۔ (انوارالحسن شاہ چکوالی )