لاہور(خبرنگارخصوصی)عید الفطر کی تعطیلات کے دوران بھی پنجاب بھر میں گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کاروائیاں جاری رہیں اور سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان کی ہدایت پر محکمہ خوراک کی ٹیموں نے مختلف اضلاع میں گندم کے ہزاروں من کے ذخائر قبضہ میں لے لئے ، خانیوال میں ایک رائس ملز کے اندر چھپائی گئی 2500من گندم قبضے میں لے لی گئی ، لیہ،وہاڑی، میلسی اور دیگر مختلف مقامات پر نجی گوداموں میں ذخیرہ کی گئی کئی سو من گندم کو قبضے میں لیا گیا، فوڈ ڈیپارٹمنٹ کی ٹیموں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ہمراہ مختلف علاقوں میں چیکنگ کے دوران غیر قانونی طور پر لے جائی جانے والی بھاری مقدار میں گندم پکڑی لی ، ملوث افراد کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کر دیا، تمام واقعات میں ذخیرہ اندوز عید کی چھٹیوں کا فائدہ اٹھا کر گندم ذخیرہ کرنے کے لئے لے جا رہے تھے ، سینئر و وزیر خوراک پنجاب عبدالعلیم خان کا کہنا تھا ذخیرہ اندوزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں ہوگی،محکمہ خوراک 24گھنٹے الرٹ ہے ہم کسی دباؤ میں نہیں آئیں گے ، گندم کی اوپن مارکیٹ میں مقررہ نرخوں پر فروخت کو یقینی بنایا جائے گا، گندم خریداری مہم انشاء اﷲ عنقریب کامیابی سے مکمل ہونے جا رہی ہے ، مہم کے مکمل ہونے کے باوجود گندم کی سمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کاروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔