لاہور(اپنے سٹاف رپورٹر سے /اپنے رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی چاند رات سے عید الفطر کے تیسرے دن تک تمام تر مشینری اور افرادی قوت کے ساتھ فیلڈ میں موجود اور الرٹ رہی۔چیئرمین اور ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی عید الفطر پر اہلیان لاہور کو صاف ستھرا ماحول دینے کیلئے عید کے تینوں دن فیلڈ میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے وزٹ جاری رکھے ۔ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے چاند رات سے شروع ہونے والے خصوصی عید صفائی آپریشن عید کے تیسرے روز تک جاری رہا اور شہر سے 17000ٹن کے قریب کوڑا کرکٹ اکٹھا کر کے ماحول دوست انداز میں تلف کیا گیا، موصول ہونے والی 210شکایات کا بر وقت ازالہ کیا گیا۔ اس خصوصی صفائی آپریشن میں شہر بھر کے تمام داخلی خارجی راستوں، قبرستانوں، کمرشل مارکیٹوں ، مساجد، عید گاہوں ، تفریح گاہوں ، پارکوں ، گلی محلوں، کھلے پلاٹوں، مرکزی شاہراہوں ، اندرون لاہور سمیت شہر بھر کے ہر علاقے کی خصوصی صفائی کی گئی۔ خصوصی صفائی آپریشن کی نگرانی چیئرمین اور ایم ڈی ایل ڈبلیو ایم سی خود کر رہے تھے ۔ دریں اثنا محکمہ بلدیات پنجاب عید کے دنوں میں صوبے بھر میں بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کیلئے سرگرم رہا۔ عام تعطیلات کے باوجود 455 مقامی حکومتیں صوبے بھر میں صفائی ستھرائی برقرار رکھنے ، قبرستانوں میں تدفین اور رسومات کی ادائیگی، ڈینگی کی روک تھام اور کورونا سے تحفظ سمیت دیگر اہم امور کی انجام دہی میں مصروف عمل رہیں۔