لاہور ( وقائع نگار ،مانیٹرنگ ڈیسک )معاون خصوصی اطلاعات پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ٹویٹ میں کہا ہے کہ عیاشی کیلئے چارٹرڈ طیارہ ، والدہ کی میت کیلئے کارگو ، شرم آنی چاہئے ۔جو جیل میں ہیں ان کی رہائی کیلئے واویلا کیا جارہا ہے جو آزاد ہیں انہیں جنازے میں شرکت کی توفیق نہیں ،حد ہوتی ہے منافقت اور اپنی والدہ کی بے توقیری کی جبکہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے وژن کے مطابق پنجاب حقیقی معنوں میں ترقی کی راہ پرگامزن ہے ، وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے دو سال کے دوران مفاد عامہ کیلئے ریکارڈ قانون سازی کی اور پنجاب اسمبلی سے 58 بل پاس کروائے ،مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود حکومت نے صحت اور تعلیم کے پراجیکٹس پر سرمایہ کاری کی۔ معاون خصوصی نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی کے حوالے سے کہا کہ صف مرگ کو سیاست زدہ کرنے والی لیگی ترجمان کی عقل پر ماتم ہی کیا جاسکتا ہے جس جنازے کا ابھی اعلان نہیں ہوا اس میں شرکت کیلئے وزیراعلیٰ نے پیرول پر رہائی کافیصلہ انسانی ہمدردی میں کیا جس کیلئے کابینہ کی خصوصی منظوری حاصل کی گئی۔