کراچی،لاہور (کلچرل رپورٹرز) بڑی عید پر تین نئی اور دو پرانی پاکستانی فلموں کی نمائش کی جائے گی۔ ہدایتکار اظفر جعفری کی فلم ’’شیر دل‘‘ اور ہدایتکار یاسر نواز کی فلم ’’رانگ نمبر ٹو‘‘ بھی نئی ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں ہدایتکاراظفر جعفری کی فلم ’’ہیر مان جا‘‘،ہدایتکار عاصم رضا کی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ اور ہدایتکار احتشام الدین کی فلم ’’سپر سٹار‘‘ کے ساتھ نمائش کے لئے سینما گھروں میں نمائش کے لئے پیش کی جارہی ہیں ۔ تین نئی فلموں کے ساتھ دو پرانی فلموں کی ریلیز سے زبردست مقابلے کا امکان ہے البتہ دو پرانی فلموں کی عید پر سینماء گھروں میں نمائش سے نئی فلموں کے بزنس پر گہرا اثر پڑنے کی توقع ہے ۔ موجودہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر جذبہ حب الوطنی کے نظریئے کے تحت بننے والی فلم ’’شیر دل‘‘ کو دوبارہ ریلیز کیا جارہا ہے جس میں میکال ذوالفقار اور ارمینہ خان نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں جبکہ ہدایتکار یاسر نواز کی فلم ’’رانگ نمبر ٹو‘‘ پہلے سے ہی کچھ سینما گھروں میں سکرین پر چل رہی ہے جس میں سمیع خان اور نیلم منیر نے مرکزی کردار ادا کئے ہیں۔ واضح رہے کہ بیک وقت تین فلموں کی ریلیز پر سنجیدہ فلمی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا تھا تاہم تینوں فلموں کی ہیروین ماہرہ خان، حریم فاروق اور مایا علی نے ایک دوسرے کی فلموں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے تین فلموں کی بیک وقت ریلیز کو پاکستان فلم انڈسٹری کی ترقی قرار دیا تھا۔ عید پر ریلیز ہونے والی نئی فلموں کو سنسر کیا جاچکا ہے جبکہ فلم کی کاسٹ نے اپنی تشہیری مہم بھی جاری رکھی ہوئی ہے ۔ ہدایتکاراظفر جعفری کی فلم ’’ہیر مان جا‘‘ کی کاسٹ میں علی رحمان خان، حریم فاروق، فیضان شیخ، عابد علی و دیگر شامل ہیں، جبکہ ہدایتکار عاصم رضا کی فلم ’’پرے ہٹ لو‘‘ میں شہریار منور، مایا علی،احمد علی بٹ، زرا نور عباس ودیگر جلوہ گر ہونگے اور ہدایتکار احتشام الدین کی فلم ’’سپر سٹار‘‘ میں بلال اشرف، ماہرہ خان، ندیم بیگ، جاوید شیخ و دیگر جلوہ گر ہورہے ہیں ۔