لاہور، اسلام آباد ، کراچی، کوئٹہ، پشاور، ریاض، لندن، نیویارک ( سٹاف رپورٹر، نیوز ایجنسیاں) ملک بھر میں آج 10ذی لحج ہفتہ کو عید الاضحی مذہبی جوش و جذبہ سے منائی جائیگی، سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک ، یورپ کے کئی ملکوں اور امریکہ میں جمعہ کے روز عید الاضحیٰ منائی گئی اور لاکھوں مسلمانوں نے جانوروں کی قربانی کی ۔ پاکستان میں عید الاضحی کی مناسبت سے لاہور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں نمازعید کے اجتماعات ہوں گے ، علما ء کرام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالیں گے ، نماز کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گیں، بعد ازاں لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے ، عیدالاضحی پر سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ، تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے ۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے دیگر شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں حاجیوں سمیت لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی۔نماز عید کے اجتماعات کے موقع پر سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا اور احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا گیا، مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں کی گئیں، مسجدالحرام میں نماز عیدکی امامت اور خطبہ شیخ عبداللہ الجہنی نے دیا ۔ امارات، مصر، کویت، اردن، بحرین ،قطر انڈونیشیا، ایران، ترکی ،مصر اور ملائیشیا میں عید سادگی سے منائی گئی ۔ مسجد نبوی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میں بھی نمازعید الاضحیٰ کے مناظر دیدنی تھے ۔ ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا ، برطانیہ اور یورپ کے دیگر ممالک میں عید منائی گئی ، امریکہ کی کچھ ریاستوں میں بھی عید ہوئی ، پاکستان میں بھی بوہری برادری نے عید منائی، خیبر پی کے میں مقیم افغان مہاجرین نے عید سعودی عرب کے ساتھ منائی ، مہمند ، ضلع خیبر اور دیگر علاقوں میں نماز عید ادا کی گئی۔