کراچی (رپورٹ: عمران شیخ) عید پر تین فلموں میں مقابلہ جاری، پاکستان سمیت دنیا بھر میں فلم پرے ہٹ لو 14 کروڑ کے قریب اور فلم سپر اسٹارساڑھے بارہ کروڑ کے قریب جبکہ فلم ہیر مان جا ساڑھے 6 کروڑ کے قریب ( صرف پاکستان ) میں کما گئیں ۔ باقاعدہ باکس آفس کی عدم دستیابی کی وجہ سے پروڈیوسرز نے اپنی اپنی فلموں کا بزنس سوشل میڈیا پر شئیر کیا ہے ۔ جس کی آزاد ذرائع سے تصدیق اس وقت کرنا نا ممکن ہے ۔ واضح رہے کہ رواں برس بڑی عید پر تین بڑی فلمیں نمائش کے لئے پیش کی گئی تھیں جس میں ہدایتکاراظفر جعفری کی فلم ہیر مان جا جسکی کاسٹ میں علی رحمان خان، حریم فاروق، فیضان شیخ، عابد علی و دیگر شامل ہیں، جبکہ ہدایتکار عاصم رضا کی فلم پرے ہٹ لوو میں شہریار منور، مایا علی،احمد علی بٹ، زرا نور عباس ودیگر جلوہ گرہوئے ہیں اور ہدایتکار احتشام الدین کی فلم سپر اسٹار میں بلال اشرف، ماہرہ خان، ندیم بیگ، جاوید شیخ و دیگر بڑی اسکرین پرنظر آرہے ہیں ۔ ماہ اگست میں کوئی بھی فلم ریلیز کے لئے موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے تمام فلموں کو اپنا بزنس کرنے کے لئے بہت وقت میسر ہے ۔