لاہور،ملتان،خانیوال،میاں چنوں،چیچہ وطنی،ساہیوال (نمائندہ خصوصی سے ،سپیشل رپورٹر،نمائندگان ،مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے کہاہے سب کو چور کہنے والے خود سب سے بڑے چور نکلے ،پیپلزپارٹی نے آمروں کامقابلہ کیا،تم تو ایک کٹھ پتلی سلیکٹڈ ہو،اسمبلیاں توڑو، میدان میں ہمارا مقابلہ کرو،ہم دیکھیں گے عوام کس کیساتھ ہیں۔میاں چنوں، چیچہ وطنی،خانیوال، ساہیوال میں لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹونے کہاوزیراعظم قوم کیلئے عذاب بنے ہوئے ہیں،تبدیلی کے نام پر ملک میں جو تباہی پھیلی ہوئی ہے اسکا خاتمہ کریں گے ،سلیکٹڈ کا کوئی مستقبل نہیں، اس نے تولندن بھاگنا ہے ، ہمارا تومرنا جینا عوام کیساتھ ہے ، وقت آگیا ہے سلیکٹڈاورکٹھ پتلی وزیراعظم کو گھبرانا چاہئے ،عمران خان کو 4دن کا وقت دیتے ہیں، خود مستعفی ہوں،عمران خان اسمبلیاں توڑیں، میدان میں آئیں اور ہمارا مقابلہ کریں،ہم دیکھیں گے عوام کس کیساتھ ہے ،اگر ہماری بات نہ مانی تو عوام اسلام آبادپہنچ کرآپکابندوبست کرینگے ۔ پیپلزپارٹی کا مارچ ملتان سے راواں بائی پاس،خانیوال ، میاں چنوں ، چیچہ وطنی سے ہوتا ہواساہیوال پہنچ گیا ، مارچ کا جگہ جگہ استقبال کیا گیا،شرکا پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ عوامی مارچ آج براستہ اوکاڑہ اور پتوکی لاہور داخل ہوگا ۔ راجہ پرویز اشرف نے چیچہ وطنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا لانگ مارچ کا حتمی رزلٹ کرپٹ اور نااہل حکومت کے خاتمے پرہے ، 8 مارچ کواسلام آباد پہنچ کر حکومت کو چلتا کریں گے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما حسن مرتضی نے ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہاخان کے تمام ترترلے منتوں کے باوجود حکومتی اتحادی رابطے میں ہیں،آپ کو بہت بڑا ڈینٹ پڑنے والا ہے ، چودھری صاحب کی شیروانی بن گئی ،صرف پہننے کا فیصلہ ہونا باقی ہے ۔ بدین،تلہار،ٹنڈومحمدخان ( نامہ نگار، نیوزایجنسیاں)تحریک انصاف کا سندھ حقوق مارچ بدین پہنچ گیاجہاں سابق وزیرداخلہ سندھ ڈاکٹر ذوالفقار مرزا ،سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا ، رکن سندھ اسمبلی حسنین مرزا نے وزیر خارجہ اور وائس چئیرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی و دیگر قائدین کا استقبال کیا، قافلے پر پھولوں کی برسات کی گئی اور مہمانوں کو اجرکوں کے تحفے پیش کیے گئے ۔بدین اور ٹنڈومحمدخان میں خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا سندھ کے عوام پیپلز پارٹی کی کرپشن سے بیزار آچکے ، سندھ کے عوام نے بلاول کا لانگ مارچ مسترد کر دیا ،اپوزیشن تحریک عدم اعتماد کا شوق پورا کر لے ، لٹیرے نیاپاکستان نہیں بنا سکتے ، سندھ کے عوام بیدار ہوچکے اور اس کرپٹ حکومت سے چھٹکارہ چاہتے ہیں،سندھ کے لٹیرے ہم سے 3 سال کا حساب مانگ رہے ،انکو بھی 15سالہ حکمرانی کا حساب دینا ہو گا ۔ علی زیدی ، ارباب غلام رحیم ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔ بدین میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا لوگ زرداری لیگ سے مایوس ہو چکے ، اپوزیشن جماعتوں کے آپس میں دل صاف نہیں، عمران خان کے خوف سے آج ایک ہوگئیں، پیپلزپارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کیساتھ بھی مخلص نہیں ۔