لاہور، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ، صباح نیوز) ملک بھر میں عیدالاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی۔ مساجد اور عیدگاہوں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جس کے بعد لوگوں نے سنت ابراہیمی کی یاد میں جانوروں کی قربانی کی جس کا سلسلہ عید کے تیسرے روز تک جاری رہا۔ صوبائی دارالحکومت میں نماز عید کے بڑے اجتماعات جامع مسجد دربار حضرت داتا گنج بخش، عالمگیری بادشاہی مسجد، جامعہ نعیمیہ، جامعہ اشرفیہ، جامع مسجد وزیرخان، جامع منصورہ، جیلانی پارک، مسجد شہدائ، یونیورسٹی گراؤنڈ، جامع مسجد دارالسلام باغ جناح میں ہوئے ۔ جامعہ مسجد منصورہ میں سینیٹر سراج الحق، جامعہ نعیمیہ میں ناظم اعلیٰ جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹرراغب حسین نعیمی ،ریس کورس پارک میں امیر جماعت اہلحدیث پاکستان شیخ الحدیث حافظ عبدالغفار روپڑی،بیرون شیرانوالہ باغ اندرون شہر لاہور میں مولانا میاں محمد اجمل قادری ، جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈمیں مولاناقاری ارشد عبید، 77کلب ابیٹ روڈ گراؤنڈ میں مولانا محمد امجد خان، جامعہ مدنیہ کریم پارک راوی روڈ میں مولانا نعیم الدین ، جامعہ محمدیہ لوکوورکشاپ مغل پورہ میں حافظ عبد الوحید روپڑی ، جامع مسجد خضرائسمن آباد میں مولانا عبدالرئوف فاروقی ،مسجد دارالسلام باغ جناح میں عارف رشید ، جامع مسجد دربارحضرت داتاگنج بخشؒ میں مولانا محمد رمضان سیالوی، عالمگیری بادشاہی مسجدمیں مولانا عبدالخبیر آزاداور مسجد الحسن ارشد گارڈن کینال بنک روڈ میں پیر محمد ضیائالحق نقشبندی نے نماز عید الاضحیٰ کی نماز کی امامت کی اورقربانی کے فلسفے پرروشنی ڈالی۔ اس موقع پر علما نے اسلام کی حقیقی سربلندی، امت مسلمہ کی سلامتی ، کشمیر کی آزادی اور کورونا سے نجات کیلئے خصوصی دعائیں کیں ۔پنجاب کے گورنر چودھری محمد سرور نے گورنر ہائوس لاہور میں عیدالاضحیٰ کی نماز ادا کی۔پشاور میں عیدالاضحی کا مرکزی اجتماع شہر کے عید باغ میں ہوا ۔وزیراعلی محمود خان ، وزیرمحنت شوکت یوسفزئی اور معاون خصوصی کا مران بنگش نے گورنر ہائوس پشاور میں نماز عید ادا کی ۔بلوچستان کے گورنر امان اﷲ خان یاسین زئی نے گورنر ہائوس کوئٹہ میں عید کی نماز ادا کی جبکہ وزیراعلی میر جام کمال خان نے لسبیلہ میں اپنے آبائی قصبے میں عید منائی۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ دوسری طرف کراچی میں عید کے ایام میں جگہ جگہ گندگی اور آلائشیں نظر آتی رہیں جبکہ لاہور میں بھی کئی مقامات پر آلائشیں دیکھنے میں آئیں لیکن انتظامیہ کی جانب سے صفائی کے بہترین انتظامات کئے گئے تھے ۔