لاہور،فیصل آباد،واں بھچراں،جام نواز علی ، کامونکے ،سادھوکے ،ایمن آباد(کر ائم ر پو ر ٹر ، نمائندگان 92 نیوز )نامعلوم وجوہات ، جائیداد،زمین کے تنازعات اور غیرت کے نام پر 2سگے بھائیوں اور خواتین سمیت 10افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور نشتر کالونی میں برلب سڑک کوڑے کے ڈھیرسے خاتون کی کٹی ہوئی ٹانگیں بر آمدہو ئیں شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نامعلوم خاتون کو قتل کر کے جسم کے ٹکرے کر کے پھینکے گئے ہیں پولیس نے خاتون کے دھڑ کی تلاش شروع کر دی ۔ ہربنس پورہ کے علاقے کے رہائشی سید قمر عباس عرف بودھی کا اپنی بہنوں کے ساتھ جائیداد کا تنازع چل رہا تھا کہ گزشتہ روز بودھی شاہ کی بہنیں ، بہنوئی اور بھانجے اپنی جائیداد کا حصہ لینے کے لیے آئے جس پر بودھی شاہ نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں دو بھانجے عامرشاہ ، ذوالقرنین شاہ اور بہنوئی علی اظہر شاہ شدید زخمی ہوگئے جن میں سے بہنوئی علی اظہر ہسپتال میں دم توڑ گیا۔فیصل آباد تھانہ روڈالہ روڈ کے علاقہ 357 گ۔ ب میں بد چلنی کے شبہ میں ناصر نے اپنی اہلیہ زینت کو قتل کر دیا ۔ تھانہ نشاط آ باد کے علاقہ 46 ج۔ ب میں 5 مرلہ پلاٹ کے تنازع پر احمد نے اپنے بھائی خلیل احمدکو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ 53/1 ٹکڑا کے رہائشی20 سالہ طاہر کو کزن زبیر نے رشتہ کے تنازع پر موت کے گھاٹ اتار دیا۔ واں بھچراں کے نواحی علاقہ تھانہ چھدرو بیرولی میں زمین کے تنازع پر چچا زاد بھائیوں کی فائرنگ سے ایوب خان اور محمد سردار خان نامی بھائی قتل ہو گئے ۔ تحصیل جام نوازعلی کے علاقے گوٹھ سیدممتازعلی شاہ میں غیرت اور سیاہ کاری کے الزام میں لڑکی کے بھائی عبدالخالق چانڈیونے اپنی بہن 22سالہ حاجراں چانڈیو اوراسکے آشنا 20سالہ خان محمد کوکزن سے ملکر فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ بیرانی تھانہ پولیس نے نعشیں ورثا کے حوالے کرکے 2ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ کامونکے محلہ شریف پورہ میں 30 سالہ رفیعہ کی شادی سال قبل موضع نانگرے بھٹی میں اشفاق کے ساتھ ہوئی جوخاوند سے جھگڑ کر میکے واپس آگئی ۔ بھائی صداقت نے واپس جانے کے لئے کہا تو اس نے انکار کردیا جس پر طیش میں آکر ملزم نے فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا۔