جنین، راملہ (این این آئی)فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر جنین میں یہودی آباد کاروں نے فلسطینیوں کے زیتون کے ایک باغ کو آگ لگا دی جس کے نتیجے میں کم سے کم 300 قیمتی اور پھل دار درخت جل کر خاکستر ہوگئے ۔ فلسطینی شہری دفاع کے عملے کا کہنا تھا کہ الطیبہ اور رمانہ کے قصبوں کے درمیان یہودی آباد کاروں کی لگائی گئی آگ نے زیتون کے 300 درخت نذرآتش کردئیے ۔عینی شاہدین نے بتایا کہ آگ پہلے جھاڑیوں میں لگائی گئی جس نے تیزی کے ساتھ فلسطینیوں کے زیتون کے باغات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ پرقابو پانے کے لیے فلسطینی شہری دفاع کے عملے کے ساتھ مقامی آبادی نے بھی حصہ لیا۔ادھر قابض اسرائیلی فوجیوں نے مغربی را ملہ سے 3 فلسطینی شہریوں کو حراست میں لے لیا۔ صہیو نیوں نے عین اریک گائوں میں دو نوجوانوں کے گھر پر ہلہ بولا اور انکے گھر کی تلاشی لینے کے بعد انہیں لے گئے ۔ فوجیوں نے اپنی سزا پوری کرنے والے ایک اسیر کو بھی ر ملہ کے مغرب میں عین قنیہ گائوں میں اسکے گھر سے اغوا کیا۔انہوں نے کہا کہ اسرائیلی فوجی عین اریک گائوں میں متعدد دوکانوں اور گھروں میں گھسے اور کیمرے ضبط کر لیے ۔