پاک فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارتی ملٹری لیڈرشپ کے بیانات غیرسنجیدہ ہیں۔ ایل و سی پر بھارتی جارحیت اور معصوم شہریوں کی شہادتوں کے واقعات ہو رہے ہیں۔ عالمی مبصرین کنٹرول لائن آئیں اور بتائیں کہاں ہے لانچنگ پیڈ۔ دنیا کو چاہئے کہ وہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم کا نوٹس لے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کی صرف فوجی قیادت ہی نہیں بلکہ سیاسی قیادت بھی انتہائی عقل دشمن، غیر سنجیدہ اور آخری حدوں تک اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں کے خلاف ہے جو اس کی بزدلی کا ثبوت بھی ہے۔ مودی سرکار کو کئی اندرونی مسائل کا سامنا ہے اور اس سے توجہ ہٹانے کیلئے وہ آئے دن ایل او سی پر فائرنگ کرتی ہے اور کبھی مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں کو نشانہ بناتی ہے اور اس حوالے سے اس کے حال اور ماضی سے پوری دنیا آگاہ ہے۔تنگ آمد بجنگ آمد کے مصداق نتیجتاً مقبوضہ وادی میں اس کے سکیورٹی اور فوجی قافلوں کو مسلسل حملوں کا سامنا ہے۔ جب ظلم حد سے بڑھ جاتا ہے تو انجام یہی ہوتا ہے کیونکہ جب بلی کو نکلنے کا کوئی راستہ نہیں ملتا تو وہ بھی اپنے پنجوں سے چیتے کی آنکھیں نکال دیتی ہے۔ آخر بھارتی مظالم کا ردعمل کسی نہ کسی طرح تو آنا ہی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا مودی سرکار کے مقبوضہ کشمیر اور بھارت کے مسلمانوں پر کئے جا رہے مظالم بند کرائے اور اس کا تجارتی و معاشی سطح پر بائیکاٹ کرے۔ لانچنگ پیڈ کے حوالے سے بھی اس کی کذب بیانی کا نوٹس لیا جائے تاکہ خطے کو کسی بھی قسم کی مہم جوئی سے بچایا جا سکے۔