لاہور (کامرس رپورٹر)کمشنر ان لینڈ ریونیو، فیڈرل بورڈ آف ریونیو ڈاکٹر ارفع اقبال، لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر، سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر اور دیگر ماہرین نے لاہور چیمبر میں اثاثہ جات ظاہر کرنے کی سکیم کی معاشی اہمیت پر سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ اس نادر موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے غیر ظاہر شدہ اثاثہ جات کو معاشی دھارے کا حصہ بنائیں۔ سیمینار سے لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر خواجہ شہزاد ناصر، ایڈیشنل کمشنر ثناء غوث اور دیگر ماہرین نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر ارفع اقبال نے کہا کہ سکیم کا مقصد لوگوں کو ہراساں کرنا نہیں بلکہ دستاویزی معیشت کا حصہ بننے کے لیے ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے جس سے انہیں فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ 30جون تک اس سکیم سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے ، پبلک آفس کے حامل افراد کے علاوہ دیگر تمام شہری اس سکیم سے استفادہ کرسکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر الماس حیدر نے کہا یہ سکیم ان افراد کے لیے بہترین موقع ہے جو کسی مجبوری کی وجہ سے اپنے اثاثہ جات ظاہر نہیں کرسکے ، اب وہ اس سکیم کے ذریعے انہیں قانونی حیثیت دے سکتے ہیں۔