لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگ موجودہ حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں، اس حکومت کو زبردستی مسلط کیا گیا ، معیشت ڈوب رہی ہے اور مہنگائی میں ا ضافہ ہورہا ہے ۔پروگرام جواب چاہئے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا غریب آدمی کیلئے تو دو وقت کی روٹی مشکل ہوگئی ہے ۔ ق لیگ کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہماری حکومت سے دور ہونے کی وجہ یہ تھی کہ اگر بلدیاتی الیکشن آگیا تو ہم لوگوں کے سامنے کیا منہ لے کر جائینگے ،ہمارا حکومت سے اتحاد ایک فارمولے اور معاہدے کے ساتھ ہوا تھا،سب سے بڑی بات یہ تھی کہ مشاورت میں تسلسل جاری رہے گا،ہم صرف معاہدے پر عملدرآمد چاہتے ہیں ۔تحریک انصاف کے رہنما شوکت بسرا نے کہا یہ جو احتجاج کی بات کررہے ہیں ، یہ پہلے بھی رسوا ہوکر اسلام آباد سے نکلے تھے ، اب بھی یہ احتجاج کرکے دیکھ لیں،ہم نے سترہ ماہ میں یہ کام کیا ہے کہ ڈیزل کے پرمنٹ نہیں لینے دئیے اور ڈیرہ اسماعیل خان میں زمین پر قبضے نہیں کرنے دئیے ، اس ملک میں ہر جگہ مافیاز قائم ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا چیئرمین نیب کی ناک کے نیچے نیب میں مافیا ز ہیں۔سابق صوبائی وزیر اور صدر بلوچستان پیپلز پارٹی حاجی علی مدد جتک نے کہا عمران خان کو کنٹینر پر چڑھا کر لوگوں کے ساتھ اتنا بڑا دھوکہ کیا گیا ،17ماہ میں جس طرح عوام کا بیڑہ غرق ہوا ہے ،پاکستان کی تاریخ میں جتنی بھی حکومتیں آئی ہیں ، انہوں نے یہ حال نہیں کیا، عوام نے عمران خان کوکوئی مینڈیٹ نہیں دیا،اسے اس ملک اور قوم پر مسلط کیا گیا۔