اسلام آباد( سپیشل رپورٹر؍وقائع نگار) وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بیک ٹوبیک اہم اجلاس ہوئے ۔ وزیراعظم نے مہنگائی میں کمی سے متعلق بڑے فیصلے کرلئے ۔ ذرائع کے مطابق مہنگائی میں کمی کے لئے 15ارب کا ریلیف پیکج لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، یوٹیلٹی سٹورز کے ذریعے کھانے پینے کی چیزوں پر ریلیف دیاجائے گا ۔ذرائع کے مطابق کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کو ضلعی سطح پرانتظامیہ کے ذریعے مانیٹر کیا جائے گا اور 50 ہزار رجسٹرڈ تندوروں پر سستا آٹا بھی فراہم کیاجائے گا۔این این آئی کے مطابق وزیر اعظم کا مہنگائی کم کرنے کے لئے 15 سے 18 ارب روپے کا پیکج لانے کا ارادہ ہے جس کے تحت یوٹیلٹی سٹورز کو اشیائے خور و نوش ذخیرہ کرنے لئے 10 ارب روپے فوی طور پر جاری ہوں گے ،فروری سے جون 2020 تک ہر ماہ یوٹیلٹی سٹورز کو 2 ارب روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔وزیراعظم نے ملک میں جاری مہنگائی کی لہر پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ غریب اور تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے ، مشکلات کے ازالے کے لئے ہر حد تک جائوں گا، گندم اور آٹا بحران کے ذمہ داروں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے ، غریبوں کی تکلیف پر خاموش تماشائی نہیں بن سکتے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اس موقع پر مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ اور گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر کو تبدیل کرنے کی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا عبدالحفیظ شیخ اور رضا باقر بہترین کام کر رہے ہیں،تبدیلی کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ۔ وزیراعظم نے ترجمانوں کو بتایا کہ شبر زیدی میری درخواست پر صرف 6 ماہ کیلئے آئے تھے ۔ وزیراعظم نے پارٹی کو منظم اور متحد رکھنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے دوٹوک موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین کا حالیہ آٹا بحران میں کوئی کردار نہیں ۔ وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے وزیرِ اعظم کی جانب سے لئے گئے بڑے فیصلوں کا اعلان ا ٓج کابینہ کے اجلاس میں کیا جائے گا۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے ترک صدر کے دورہ پاکستان سے متعلق اجلاس میں وزیربرائے اقتصادی امور کو اہم ذمہ داری سونپتے ہوئے کہا پاکستان،ترکی میں دوطرفہ معاہدوں پرپیشرفت یقینی بنائی جائے ، تعلقات مزید مستحکم کرنے کیلئے ترک صدر کا دورہ اہم سنگ میل ہوگا۔وزیر اعظم سے برطانوی ہائی کمشنر نے بھی ملاقات کی۔برطانوی ہائی کمشنر نے وزیر اعظم کو موسمیاتی تبدیلی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔وزیر اعظم سے سابق کرکٹرز رمیز راجہ، ڈینی موریسن،رچرڈسن ، ذاکر خان اور دیگر بھی ملے ۔