مکرمی! تعلیم ہر بچے کا بنیادی حق ہے۔لیکن بدقسمتی سے پاکستان میں آج بھی بچوں کی ایک بڑی تعدادصرف اس لئے اسکول نہیں جاپاتی کہ اُنہیں سارا دن محنت مزدوری کرکے اپنا اور اپنے ماں باپ کا پیٹ پالنا پڑتا ہے۔اور اِن بچوں میں ایک بڑی تعداد اُن کی ہے جو اسکول توجانا چاہتے ہیں لیکن ان کے معاشی حالات اِس قدر اُلجھے ہوئے ہیں کہ ان کے پاس محنت مزدوری کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ بچتا ہی نہیں۔چونکہ پاکستان اس وقت شدید معاشی بحران کا شکار جس کی وجہ سے مہنگائی کی شرہ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔لحاظہ اگر غریب والدین چاہیں بھی تومعاشی گھٹن کی وجہ سے اپنے بچے کو تعلیم سے روشناس نہیں کروا سکتے۔ہمارے ہاں تعلیم کو اس قدر عام کر دینا چاہیے کہ اگر کوئی بچہ صبح محنت مزدوری کرتا ہے ، تو اس کیلئے شام کے وقت کسی تعلیمی ادارہ کا بندو بست کیا جائے تاکہ اس کے گھر کا چولہا بھی چلتا رہے اور وہ ساتھ ہی ساتھ تعلیم بھی حاصل ترلے۔ اس ساری صورت حال کے پیش نظر حکومتِ پاکستان کو اِن بچوں کے لئے مثبت اقدامات اُٹھانے چاہیں تا کہ محض غربت کی وجہ سے کوئی بچہ تعلیم سے محروم نا رہے کیونکہ یہ تمام بچے محض بچے نہیں بلکہ پاکستان کا مستقبل ہیں۔ (کامران بھٹی، اسلام آباد)