لاہور(خبرنگارخصوصی)وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پرصوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت پرائس کنٹرول کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔وزیراعلیٰ آفس میں ہونے والے اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزراء نعمان اختر لنگڑیال، سمیع اﷲ چوہدری، ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر شہبازگل، محمد اکرم چوہدری اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریزنے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبہ بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔پرائس کنٹرول کمیٹی نے چینی کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے پر تشویش کااظہار کیا اوراجلاس میں ذخیرہ اندوزوں، ناجائزمنافع خوروں اور مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے والے کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیاگیا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال نے کہاہے کہ چند ٹکوں کی خاطر غریب عوام کا استحصال کرنے والوں کی جگہ جیل ہے ۔مزید وقت ضائع کئے بغیرفیلڈ میں نکل کر قوانین پر عملدرآمد یقینی بناناہوگا۔گراں فروش اور ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں اوران سے آہنی ہاتھوں سے نپٹیں گے ۔