مکرمی ! مکرمی ! آج جب قوم کرونا کے امتحان سے گزر رہی ہے اور عوام گھروں میں بند ہیں ۔ بہت سارے ایسے بھی ہیں جن کا روزگار نہ ہونے کی وجہ سے نوبت فاقوں تک پہنچنے کا خدشہ لاحق ہو گیا ہے۔ حضرت جابر رضی اللہ تعالیٰ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ایمان والا محبت کرتا ہے اور اس سے محبت کی جاتی ہے، اس شخص میں کوئی بھلائی نہیں جو نہ محبت کرے اور نہ اس سے محبت کی جائے اور لوگوں میں بہترین شخص وہ ہے جو سب سے زیادہ لوگوں کو نفع پہنچانے والا ہو"۔ (جامع الصغیر)۔ ایک مسلمان ہونے کے ناطے ہمارا یہ اخلاقی فرض ہے کہ ہم از خود ایسے نادار لوگوں تک پہنچیں اور ہر ممکن تعاون کریں۔ بحمد اللہ ایسے اس وطن عزیز کے دامن میں ایسے افراد بھی پناہ گزین ہیں کہ جنہیں اللہ تعالیٰ نے مالی وسعتوں سے نوازا ہے، تو ایسے مخیر حضرات سے درخواست ہوگی کہ اپنے اخراجات میں اعتدال کرتے ہوئے ان دھاڑی دار مزدوروں، یتیموں، بے کسوں، ناداروں کی داد رسی کریں تاکہ ان کٹھن حالات میں "غریبوں کا چولہا بھی جلتا رہے"۔ (آصف اقبال انصاری)