مکرمی! تبدیلی سرکارنے ’’غریب مکائو‘‘ منصوبے پر عمل کرتے ہوئے ، غریب پر ایک اور بم گرا دیا ہے ۔روٹی 15 روپے اور نان 20 روپے کا کی نوید ہے ۔ ہمارے وزیر اعظم کو شاید ان معاملات کی خبر نہیں۔کیونکہ کسی غریب ،لاچار کی بے بسی پر عمران خان کی آنکھوں میں آنسو آجایا کرتے تھے،مگر آج غریب پر انہی کی وزارتِ عظمٰی کے دور میں بے دریغ مہنگائی کے بم پر بم گرائے جا رہے ہیں ،کوئی پوچھنے والا نہیں ہے ۔لیکن وہ اقتدار کے مزے لینے میں اتنے محو ہیں کہ پورے ملک کے غریبوں کی یک زبان چیخیں بالکل سنائی نہیں دے رہیں ۔وہ بے خبر ہیں کہ غریب کے لئے پیٹ بھرنے کے لئے ایک روٹی ہی تو تھی،جسے اس کی پہنچ سے دور کر دیا گیا ہے ۔سیاست میں الجھی ہوئی حکومت یا اپوزیشن کو اس کی کوئی پروا نہیں۔غریب کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔عمران خان اور ان کی کابینہ سابق حکومتوں پر الزام تراشیاں کر کے عوام کی ہمدردیاں حاصل کرتے رہے ہیں۔عوام کو باور کروا دیا گیا کہ عمران خان سے ان کا بڑا ہمدرد اور مخلص اس دنیا فانی میں کوئی نہیں ہے ۔غریب لوگ دوسروں سے ڈسے تھے ،کیا کرتے،مان گئے ۔اب بس بہت ہو چکا۔حکومت غریب عوام کی طرف دیکھے ۔آئی ایم ایف کی خوشنودی کے آگے غریب عوام کے آنسوئوِٖٖں کو نظر انداز نہ کیا جائے ۔ (عرفان مصطفٰی صحرائی )