پشاور(سٹاف رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 31سے قومی اسمبلی کے امیدوار غلام احمد بلور کو شناختی کارڈ نہ ہونے کی وجہ سے ووٹ ڈالنے سے روک دیا گیا تاہم بعد ازاں شناختی کارڈ لانے پر انہیں ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت ملی اور انہوں نے کیمروں کے سامنے ٹیبل پر بیلٹ پیپر رکھ کر ووٹ پول کیا۔ غلام احمد بلور ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ سٹیشن پہنچے تو ان کے پاس قومی شناختی کارڈ نہیں تھا جس پر پریذائیڈنگ افسر نے انہیں ووٹ ڈالنے سے روک دیا۔ الیکشن کمیشن نے ووٹ ڈالنے کیلئے اصل شناختی کارڈ ساتھ لانا لازمی قرار دیا تھا ۔اس موقع پر غلام احمد بلور نے میڈیا کو بتایا کہ اکثر اوقات انکے پاس شناختی کارڈ موجود نہیں ہوتا، اور پریذائیڈنگ افسر نے جاننے اور شناختی کارڈ نمبر بتانے کے باوجود ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت نہیں دی۔