لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے کہا ہے کہ غلط روایت کا خاتمہ کیا،ماضی میں نمائشی منصوبوں پر خزانہ بے دریغ لٹایا گیا۔ مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگوکرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی وسائل عوام کی امانت ہیں، قومی وسائل کو ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کرنا خیانت ہے ، سرکاری خزانے کی پائی پائی کے امین ہیں اور کسی کو قومی وسائل کی لوٹ مار نہیں کرنے دیں گے ، انہوں نے کہاکہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہوگا، عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے ۔ ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعید الحسن شاہ،اراکین پنجاب اسمبلی مخدوم سید افتخار حسن گیلانی، سلیم سرور جوڑا،میاں اختر حیات،چودھری لیاقت علی، ارشاد چودھری، سلیمہ بی بی، تیمور علی لالی، میاں آصف، شہباز احمد اور دیگر شامل تھے ۔علاوہ ازیں صوبائی ٹاسک فورس برائے پرائس کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے مہنگائی پر قابو پانے کیلئے مؤثر اقدامات نہ کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ باتیں کرنے کا فائدہ نہیں، اشیائے ضروریہ کے نرخ نیچے لائے جائیں ،وزیراعلیٰ نے گراں فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا،عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری بھی ہے ۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے مانچسٹرسٹی کے لارڈمیئرعابد لطیف چوہان کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور،پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا،ملاقات میں پنجاب اور مانچسٹر سٹی کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیاگیا ۔دوسری طرف وزیر اعلیٰ نے بچوں کے حقوق کے تحفظ کے عالمی دن کے موقع پر پیغام اپنے پیغام میں کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اورروشن مستقبل ہوتے ہیں،آج کے بچے کل کے معمار ہیں۔ادھر وزیراعلیٰ نے مظفرگڑھ،عارف والا اورقصورکے قریب ٹریفک حادثات میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔