اسلام آباد ( خبر نگار خصوصی، خصوصی نیوز رپورٹر، وقائع نگار خصوصی، نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم عمران خان نے سری لنکا میں دھماکوںکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے انسانی جانوں کے ضیاع پر شدید دکھ ہوا ہے ، غم کی اس گھڑی میں سری لنکن عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سری لنکن وزیراعظم سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اوربم دھماکوں پر اظہار افسوس اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا مشکل گھڑی میں سری لنکا کے ساتھ کھڑے ہیں، پہلی فرصت میں سری لنکا کا دورہ کروں گا۔ شاہ محمود نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے سری لنکا کے وزیر اعظم کو وزیراعظم عمران خان اور صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی کی طرف سے بھی کسی بھی قسم کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر فیصل نے ٹوئٹر پر پیغام میں سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا حکومت پاکستان اور ملک کی عوام دہشت گردی کے اس سانحہ کے موقع پر سری لنکا کی حکومت اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہادہشتگردی کو شکست دینے کیلئے دنیا کو ایک پیج پر آنا ہوگا،دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا دہشت گرد امن کے دشمن ہیں اوردہشت گردوں کا کسی مذہب سے کوئی تعلق اورواسطہ نہیں ہوتا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے ۔ انسانی حقوق کی وفاقی وزیر شیریں مزاری نے بھی سری لنکا میں ہونے والے دھماکوں کی مذمت کی ہے اورکہاہے کہ دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے عالمی طور پر ایک مضبوط حکمت عملی کو اپنانے کی ضرورت ہے ۔ سابق صدر آصف زرداری نے کہاایسٹر کے موقع پر دہشت گردی کرنے والے نا قابل معافی ہیں،شدت پسندی دہشت گردی کی ماں ہے ،دنیا کو ہر طرح کی شدت پسندی کے خلاف ایک پیج پر آنا ہوگا ۔ دریں اثنا ترک صدر نے کہا سری لنکا دھماکے انسانیت پر حملہ ہے ۔نیوزی لینڈ ، برطانیہ کے وزرائے اعظم نے بھی سری لنکن دھماکوں کی مذمت کی ہے ۔جسینڈا آرڈن نے کہانیوزی لینڈ دہشتگرد حملوں کی مذمت کرتا ہے ۔ گرجا گھروں اور ہوٹلوں میں لوگوں پر حملے دیکھنا تباہ کن ہے ۔مصر کی جامعہ الازہر کے سربراہ امام شیخ احمد الطیب نے ہلاکتوں پر گہرے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا ہے ۔