لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ، این این آئی)انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے کالعدم تنظیم جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ سعید اور دیگر رہنمائوں پر غیر قانونی فنڈنگ کے الزام میں فرد جرم عائد کر دی جبکہ ملزموں نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے اپنے خلاف الزامات کو بے بنیاد قرار دیدیا۔ گزشتہ روز لاہور کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے حافظ سعید کیخلاف گوجرانوالہ سی ٹی ڈی کے مقدمہ نمبر32/19اورلاہورسی ٹی ڈی کے مقدمہ 30/19کی سماعت کی۔عدالتی حکم پرپولیس نے حافظ سعید اور دیگر رہنمائوں کو انتہائی سخت سکیورٹی میں عدالت میں پیش کیا ۔سماعت کے آغاز پر ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل عبدالرئوف وٹو نے حافظ سعید اور دیگر افراد پر فرد جرم عائد کرنے کی استدعا کی جبکہ حافظ سعید کے وکیل نصیرالدین نیئر نے اسکی مخالفت کرتے ہوئے فرد جرم عائد نہ کرنے کیلئے دلائل دئیے ۔ عدالت نے فرد جرم عائد ہونے کے بعد استغاثہ کے گواہوں کو آج طلب کر لیا ۔ جج نے ڈپٹی پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ وہ آج جمعرات کو اپنے گواہوں کو عدالت میں پیش کریں۔عدالت نے مقدمہ نمبر 30/19لاہورسی ٹی ڈی میں فردجرم عائد کی اور اسکی سماعت آج تک جبکہ مقدمہ نمبر32/19گوجرانوالہ سی ٹی ڈی کی سماعت 18دسمبرتک ملتوی کردی۔