لاہور(کامرس رپورٹر)غیر معیاری ایل پی جی ٹینکرو سلنڈر بنانے اورخریدو فروخت پر پابندی عائدکردی گئی۔غیرمعیاری سلنڈر رکھنے پر دس لاکھ روپے جرمانہ اور ملزم کی ضمانت نہیں ہوسکے گی ۔ غیرمعیاری سلنڈر وبوزور بنانے پر مشینری اور تیار سلنڈرزکو موقع پر ضبط کرلیا جائیگا۔ٹرانسپورٹرز کو بھی غیر معیاری سلنڈر لانے ، لیجانے پر گاڑی ضبط کرلی جائیگی۔اوگرا اور ایکسپلوسیو ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا کہ سلنڈر وبوزر بنانے والے کارخانے فی الفور بند کردیئے جائیں۔اوگرا کی منظوری کے بغیرکسی ادارے کو سلنڈر بنانے کی اجازت نہیں ہو گی۔ اوگرا اور ایکسپلوسیو ڈیپارٹمنٹ نے غیر معیاری سلنڈ وبوزور بنانے اور رکھنے والوں کیخلاف کریک ڈائون کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ڈپٹی کمشنرز اور ڈی پی اوز کوغیر معیاری سلنڈر بنانے اور رکھنے والوں کیخلاف فوری کریک ڈائون کرنے کی ہدایت کردی گئی۔لاہور،فیصل آباد ،گوجرانوالہ اور اوکاڑہ میں ہنگامی بنیادوں پر کارروائی تیز کرنے کا حکم جاری کیا گیا ۔اوگر کا کہنا ہے کہ انسانی زندگی کا تحفظ اولین ترجیح ہوگی۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ہماری ایسوسی ایشن ،ڈسٹری بیوٹر اور دکاندار کوئی بھی غیر معیاری سلنڈر کی خریدوفروخت میں ملوث نہیں۔ کوئی نمائندہ غیر معیاری سلنڈر بنانے میں ملوث ہوا تو وہ جیل کی ہوا کھائیگا، معصوم جانیں بچانے کیلئے ہم مکمل ساتھ دینگے۔