ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر جعل ساز مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی اور آپریشن ٹیموں نے جعلی مشروبات تیار کرنے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر 720لٹر ناقص مشروبات تلف کر دئیے ہیں۔ موسم گرما کے شدت اختیار کرنے کے ساتھ ہی جعل ساز مافیا بھی متحرک ہو گیا ہے۔ معروف مشروب ساز کمپنیوں کے لوگو استعمال کر کے شہریوں کو ناقص اور غیر معیاری مشروبات کی فراہمی کا دھندہ عروج پر ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں ہر کوئی افطاری کے وقت ٹھنڈے مشروبات کی دسترخوان پر فراہمی یقینی بناتا ہے۔ لہٰذا مافیا اس سے فائدہ اٹھا کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے نہ صرف لوٹتا ہے بلکہ ناقص مشروبات فروخت کر کے عوام کی جانوں سے بھی کھیلتا ہے۔ اس وقت ملک بھر میں مصنوعی فلیورز‘ کیمیکلز اور ٹیب واٹر سے مختلف برانڈز کی جعلی ڈرنکس تیار کی جا رہی ہیں۔ عیدالفطر کے موقع پر بڑی کھیپ مارکیٹ میں لانے کیلئے بھی کام جاری ہے۔ ان حالات میں فوڈ اتھارٹیز کا ایسے جعل سازوں کے خلاف کارروائی کر کے عوام کی جانوں کی حفاظت کو یقینی بنانا بڑا مستحسن اقدام ہے۔ اس لئے دیگر اشیاء ضروریہ کی ناقص تیاری کرنیوالے افراد کے خلاف بھی خصوصی اقدامات کرنا چاہئیں تاکہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں عوام کو زہر آلود چیز کھلانے والوں کی گرفت کر کے عوام کو محفوظ رکھا جا سکے۔اس لیے ملک بھر میں فوڈز اتھارٹیز چیکنگ سخت کر دیں تاکہ عوام ناقص اشیاء کے استعمال سے محفوظ رہ سکیں ۔