کراچی (کامرس رپورٹر) رواں مالی سال کی ابتدائی ششماہی کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے پاکستان میں کی گئی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 10 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کے اعدادوشمار کے مطابق جاری مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2019ء کے دوران غیرملکی سرمایہ کاروں نے 836.3 ملین ڈالر کے منافع جات کی بیرون ملک منتقلی کی گئی ہے جبکہ گذشتہ مالی سال میں جولائی تا دسمبر 2018ء کے دوران پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے غیرملکی سرمایہ کاروں نے 759.5 ملین ڈالر کے منافع جات اپنے ممالک کو منتقل کئے تھے ۔اس طرح گذشتہ مالی سال کے پہلے چھ ماہ کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران غیرملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع جات کی بیرون ملک منتقلی میں 76.8 ملین ڈالر یعنی 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ایس بی پی کی رپورٹ کے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران مینوفیکچرنگ سیکٹر سے سب سے زیادہ منافع جات کی منتقلی ہوئی ہے ۔