ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے غیر ملکی مبصروںکے نمائندوں کے دورہ کنٹرول لائن کے موقع پر کہا ہے کہ بھارت کلسٹر بم اور بھاری ہتھیاروں سے معصوم شہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ مودی حکومت تمام تر بربریت اور عالمی قوانین کی خلاف ورزیوں کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کچلنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ کشمیریوں کی نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے یہاں تک کہ اب تو خود بھارتی فوج کی تحقیقات میں بھی یہ تسلیم کیا جا رہا ہے کہ بھارتی فوج بے گناہ کشمیریوں کو قتل کر رہی ہے۔ آئے روز بیگناہ کشمیری بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید ہو رہے ہیں کشمیر میں اپنی ناکامی چھپانے اوبھارتی فوج کے مظالم سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے مودی حکومت کی طرف سے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی معمول بن چکا ہے۔روان برس بھارت کی طرف سے 2333مرتبہ کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی جس میں 18شہری شہید اور 185زخمی ہو ئے ۔اس تناظر میں دیکھا جائے تو ڈی جی آئی ایس پی آر کا یہ کہنا مبنی برانصاف ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال نے خطہ کو یرغمال بنا رکھا ہے ۔ عالمی برادری اب بھی بھارت کو عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر عملدرآمد پر مجبور نہیں کرتی تو خطہ پر جوہری جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے ۔بہتر ہو گا عالمی ادارے بھارت کو اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ حق خود ارادیت دینے پر مجبور کریں تاکہ مسئلہ کشمیر حل اور خطہ میں پائیدار امن قائم ہو سکے۔