اسلام آباد (وقائع نگار،92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک)غیر ملکی ایئرلائنز کے ناروا سلوک اورپروازیں منسوخ کرنے پر ہزاروں پاکستانی رل گئے ،وہ ٹکٹوں کے مہنگے دام دینے کے باوجود قطر ، دبئی اور ترکی میں محصور ہوکررہ گئے ۔ غیر ملکی ایئرلائنز نے بغیر اجازت نامے طلب کئے ریوینو کمانے کیلئے ٹکٹ بیچے اور بعدازاں پروازیں منسوخ کردیں۔خلیجی خصوصاً قطری اور ترک ایئرلائنز نے پاکستانیوں کو کورونا کی تیسری لہر کا ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے پروازوں کو منسوخ کیا۔ 36000 پاکستانی صرف دوحہ میں ٹکٹیں ہونے کے باوجودوطن واپسی کے منتظر ہیں جبکہ ترکی میں مزید 12000 پاکستانی بھی وطن آنے کیلئے بیتاب ہیں۔علاوہ ازیں ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز کیلئے بیرون ممالک سے کم مسافر لانے کی شرط میں 15جولائی تک مزید توسیع کے باعث پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو امریکہ سے وطن واپسی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ 92نیوزکی خبرپرسول ایوی ایشن اتھارٹی نے انٹرنیشنل ایئرلائنزکی جانب سے پروازوں کی اچانک بلاوجہ منسوخی کانوٹس لے لیا۔ پروازیں منسوخ کرنیوالی5 غیرملکی ایئرلائنز قطر،ایمریٹس،اتحاد،فلائی دبئی اورترکش ایئرکوسی اے اے کی جانب سے نوٹس جاری کرکے وضاحت طلب کرلی گئی جبکہ انتباہ کیاگیا کہ فلائٹس منسوخی کے باعث وہ شکایات کاازالہ کریں،مسافروں کو 8 جولائی تک ریلیف فراہم کریں، ورنہ ان کوجرمانہ اورفلائٹ شیڈول معطل کیاجاسکتا ہے ۔ دوسری جانب سی ای اوپی آئی اے نے خلیجی ممالک پروازیں بھیجنے کے احکامات جاری کردیئے جس پرپی آئی اے نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوعید سے قبل واپس لانے کیلئے انتظامات ترتیب دیدیئے ۔دوحہ سے پاکستان کیلئے 4بوئنگ 777پروازیں لگادی گئیں، مانگ کودیکھتے ہوئے اگلے ایک دوروزمیں مزید دو پروازیں لگائے جانے کامنصوبہ ہے ۔بحرین کیلئے ایئربس جہازوں کی جگہ بوئنگ 777متبادل پروازکے طورپراستعمال کرنے کافیصلہ کرلیاگیا۔سی ای اوپی آئی اے ارشدملک کے مطابق خلیجی ممالک میں موجودپاکستانیوں کی ضرورت کابغورمشاہدہ کررہے ہیں۔جتنی پروازوں کی ضرورت پڑی مانگ کے حساب سے لگادی جائینگی۔