کراچی ( سٹاف رپورٹر ) نیب حکام نے سابق صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کیخلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ نیب حکام نے شرجیل میمن کو جیل سے گرفتار کرنے کیلئے احتساب عدالت سے رجوع کر لیا ہے ۔ جمعہ کو نیب حکام نے شرجیل میمن کو دوبارہ حراست میں لینے کی درخواست دائرکی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ شرجیل میمن کے خلاف غیر قانونی اثاثے بنانے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور تحقیقات کیلئے شرجیل میمن کی حراست ضروری ہے ۔شرجیل میمن کے پی اے اظہار حسین کو گرفتار کیا گیا جسکے بیان کی روشنی میں ان سے تحقیقات مطلوب ہیں۔عدالت نے درخواست پر سماعت ہفتے تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ ہفتے کو فریقین کے وکلا کو سن کر فیصلہ کیا جائیگا۔شرجیل میمن محکمہ اطلاعات میں پونے چھ ارب روپے کی کرپشن کے ریفرنس میں سینٹرل جیل میں ہے ۔