کراچی(سٹاف رپورٹر)غیرملکی کمپنی نے کراچی میں ماحولیاتی آلودگی سے پاک ایک ہزارالیکٹرک بسیں چلانے کی پیشکش کی ہے ،بی آرٹی روٹس پریہ بسیں سندھ حکومت کے ساتھ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چلائی جائیں گی، 10 ، 12 اور 18 میٹر لمبی بسوں کوسولرانرجی کی مدد سے آپریٹ کیا جائے گا،ٹرانسپورٹ کمپنی 30 سال بعد ٹیکنالوجی سندھ حکومت کو منتقل کرنے کی پابند ہوگی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے ماحولیاتی آلودگی سے پاک الیکٹرک بسیں چلانے کی عالمی ٹرانسپورٹ کمپنی ایور گرین گلوبل وینچرز(ای جی وی )کی پیشکش کاخیرمقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت اس اقدام میں ہرممکن تعاون کرے گی،کراچی کے عوام کوبہترین سفری سہولت فراہم کرناہماری ترجیحات میں شامل ہے ۔وزیراعلیٰ ہاؤس میں انٹریشنل ٹرانسپورٹ کمپنی ایور گرین گلوبل وینچرز (ای جی وی) کے ساتھ منعقدہ اجلاس میں کراچی کے ٹرانسپورٹ کے مسائل پرگفتگو کی گئی ۔کراچی میں الیکٹرک بسیں چلانے کے لیے ای جی وی نے شہرمیں مختلف بی آرٹی روٹس پر1000 الیکٹرک بسیں سندھ حکومت کیساتھ پی پی پی موڈ پرچلانے کی تجویزپیش کی،الیکٹرک بسیں 10 ، 12 اور 18 میٹرلمبی ہونگی،جوبس سٹیشنزپرچارج کی جائیں گی۔عالمی ٹرانسپورٹ کمپنی ای جی وی 100 میگاواٹ پاورپلانٹ لگائے گی اوربسوں کوسولرانرجی کی مدد سے آپریٹ کیا جائے گا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے پر1.5 بلین ڈالرسرمایہ کاری ہوگی اورروزانہ 4 لاکھ مسافرسفرکرسکیں گے ۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ کمپنی سے ہرممکن تعاون کر ینگے ۔سندھ حکومت نے بلولائن منصوبہ شروع کیاہے جوتقریباً مکمل ہونے کوہے ،جبکہ اورنج لائن ایک منسلکہ منصوبہ ہے اورایشیئن بینک کے تعاون سے ریڈ لائن بس منصوبہ شروع کرنے جارہے ہیں۔