کراچی ( سپورٹس رپورٹر)نگراں وزیر کھیل سندھ ڈاکٹر سید جنید علی شاہ نے کہا کہ غیر نصابی سرگرمیاں نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہیں اورکھیل جسمانی صحت کے علاوہ ذہنی نشو و نما میں بھی ایک موثر و فعال کردار ادا کرتے ہیں۔ان خیا لات کا اظہار سرسید یونیورسٹی کے سپورٹس گالا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سپورٹس کی ترقی و فروغ ہماری اولین ترجیح ہے کیونکہ سپورٹس کے ذریعے ہی ایک صحتمند قوم کی تشکیل ممکن ہے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلر جاوید انوار نے کہا کہ کھیل تمام کمیونیٹیزکے مابین بھائی چارہ اور یگانگت کی فضاء قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جس کی روشن مثال سرسید یونیورسٹی کاسپورٹس گالا ہے ۔اس گالا میں حصہ لینے والے کھلاڑیوں نے مختلف طبقات اور مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے کے باوجود ،اس فورم پر یکجا ہوکر ، ایک صحتمند رجحان کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لیا اور سپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ کیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد افضل حق نے کہا کہ کھیلوں کے مقابلے صرف جیتنے والوں ہی کو نہیں بلکہ نوجوانوں کے مجموعی ٹیلنٹ کو اجاگر کرتے ہیں۔سپورٹس سرگرمیاں نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرتی ہیں۔کھیل نوجوانوں کی طاقت اور جسمانی قوت میں اضافہ کرتے ہیں اور ان کی تربیت کرتے ہیں کہ دیگر لوگوں کے ساتھ ہم آہنگی و یکجہتی کے ساتھ زندگی کیسے گزاری جائے ۔سپورٹس گالا میں سرسید یونیورسٹی کے 11 شعبوں کی ٹیموں نے حصہ لیا۔کھیلوں کے مقابلوں میں1000سے زائد طلباء نے شرکت کی جن میں 200 طالبات تھیں۔