لاہور(کلچرل رپورٹر) معروف سنگر عاطف اسلم کی خوبصورت آواز میں پڑھی جانے والی حمد ’’وہی خدا ہے ‘‘ سوشل میڈیا پر بے حد مقبول ہورہی ہے ۔عاطف اسلم نے حمد کی کچھ جھلکیاں سوشل میڈیا پر شیئر کی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئیں۔ ویڈیو کے ساتھ عاطف اسلم نیخدا کی حمد و ثنا بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’بے شک تمام تعریفیں اﷲ ہی کے لیے ہیں۔‘‘عاطف اسلم نے ویڈیو میں حمد پڑھنے اور خدا کے ساتھ اپنے روحانی رابطے کا تجربہ بھی لوگوں کے ساتھ شیئر کیا ۔عاطف اسلم نے یہ خوبصورت حمد اپنے بیٹے احد عاطف اسلم کے نام کرتے ہوئے نہایت جذباتی لہجے میں کہا ’’میرا بیٹا جب بڑا ہوگا تو وہ اس حمد کو سنے گا اور اسے اس چیز کی خوشی ہوگی کہ میرے باپ نے حمد پڑھی تھی۔‘‘ واضح رہے کہ مذکورہ حمد کو نصرت فتح علی خان کی آواز میں بھی لوگوں کی جانب سے خوب سراہا گیا تھا۔