اسلام آباد(خبر نگار،وقائع نگار خصوصی) چیف الیکشن کمشنر محمد جلال سکندر سلطان اور ارکان نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا جس سے ایک سال بعد الیکشن کمیشن فعال ہو گیا۔ چیف الیکشن کمشنر سے حلف چیف جسٹس جسٹس گلزار حمد نے لیا جبکہ ارکان سے حلف چیف الیکشن کمشنر نے لیا۔ چیف الیکشن کمشنر کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ بلڈنگ میں ہوئی ،تقریب میں سپریم کورٹ کے ججو ں سینئروکلا اور الیکشن کمیشن کے حکام نے شرکت کی ۔تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے نئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام سیاسی قیادت کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے متفقہ طورپر سلیکٹ کیا،بطور چیف الیکشن کمشنر یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور نیشنل کازہے ، انشااللہ اس پرپورا اتروں گا، الیکشن کمیشن پر عوام کے اعتماد کو مزید بہتر کریں گے ، ہمارا ایک ہی مقصد ہے کہ شفاف، پرامن انتخابات ہوں اور یقین ہے اللہ کامیاب کرے گا۔یاد رہے ڈاکٹر سکندر سلطان نے سی ایس ایس 1987 ء میں کیا اور ڈی ایم جی/پی اے ایس گروپ میں شامل ہوئے ۔ اپنی ملازمت کے دوران ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، صوبائی سیکرٹری مواصلات اینڈ ورکس پنجاب، صوبائی سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، صوبائی سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے اہم عہدوں پر فائز رہے ۔حلف برداری کے بعد سکندرسلطان راجہ الیکشن کمیشن پہنچے جہاں سیکرٹری الیکشن کمیشن ظفراقبال ملک نے استقبال کیا۔عہدہ کا چارج سنبھالنے کے بعد چیف الیکشن کمشنرنے ممبر سندھ نثاردرانی اور ممبربلوچستان شاہ محمد جتوئی سے بھی حلف لیا ۔