لاہور(حافظ فیض احمد)ایف آئی اے حکام نے انسانی سمگلنگ،ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ میں ملوث انسانی سمگلروں اور ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے کی ہدایت کردی، اس حوالے سے انسانی سمگلنگ کی آڑ میں منی لانڈرنگ اور ہنڈی حوالہ میں بھی ملوث سمگلرز کے کوائف حاصل کرلئے گئے ۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کا انسانی سمگلنگ میں ملوث گرو ہ اور ایجنٹوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے ۔ گجرات، گوجرانوالہ سرکل اور لاہور سے ایجنٹوں کی گرفتاری کے بعد انکشاف ہوا کہ انسانی سمگلنگ کے ساتھ منی لانڈرنگ اور ہنڈی حوالہ کے ذریعے رقم بھی بھجوائی جاتی ہے ۔ صوبائی دارالحکومت کے بعض علاقوں میں چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کر کے مقدمات درج کئے گے اورمزید چھان بین پر انکشاف ہوا کہ کرڑوں روپے ہنڈی حوالہ اور منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک بھجوائے گئے ۔ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ اور گجرات سرکل میں انسانی سمگلر پہلے سادہ لوح افراد کو غیر قانونی طریقے سے بیرون ملک بھجواتے ہیں اور پھر سب ایجنٹ کے ذریعے ہنڈی حوالے سے رقم وصول کرتے ہیں ۔اندرون ملک میں بھی ایجنٹ ہنڈی حوالہ کے ذریعے رقم کی وصولی کرتے ہیں۔انسانی سمگلنگ میں ملوث ہارون ،ساجد چہل، قمر شاہ، احسان، افضل، نوراﷲ، راشد خان سمیت دیگر ملزمان ہنڈی حوالہ کے غیر قانونی کام میں ملوث ہیں اور ترکی میں اپنے سیف ہاؤس بنا رکھے ہیں۔ دیگر ایجنٹ بھی پنجاب میں انسانی سمگلنگ کے ساتھ منی لانڈرنگ کے کام میں بھی ملوث پائے گئے جن کے کوائف حاصل کرکے گرفتاری کے لئے چھاپوں کا سلسلہ شروع کردیا گیاہے ۔ ایف آئی اے نے خصوصی مہم کے دوران انسانی سمگلرزبدنام زمانہ اشتہاری ملزمان چاچا شہباز، طاہر محمود عرف طاہر پٹھان، ریڈ بک ملزم غلام عباس، جہانگیر عرف جنگی، پرویز اور شانی شاہ کو گرفتار کیا ہے ۔